یواین آئی
سری نگر؍؍ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف ماہر تعلیم آغا اشرف علی 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔مرحوم معروف کشمیری نژاد امریکی شاعر مرحوم آغا شاہد علی کے والد تھے۔آغا اشرف علی کے اہل خانہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق موصوف گذشتہ کچھ برسوں سے علیل تھے اور انہوں نے جمعے کی رات دیر گئے راج باغ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر زندگی کی آخری سانسیں لیں۔مرحوم آغا اشرف علی کو پرانے شہر کے علمگری بازار میں واقع اپنے آبائی قبرستان گلستان بابا مزار میں ہفتے کی صبح سپرد لحد کیا گیا۔ کورونا وبا کے پیش نظر ان کی تجہیز و تدفین میں صرف قریبی اعزا و اقارب نے ہی شرکت کی۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پھیلنے والے کورونا وائرس کے پیش نظر اجتماعی تعزیتی مجالس منعقد نہیں ہوں گی تاہم لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ انفرادی طور پر آغا اشرف کے ایصال ثواب کے لئے سورہ فاتحہ پڑھیں۔آغا اشرف علی کے پسماندگان میں فرزند آغا اقبال علی اور بیٹیاں حنا احمد اور سمیتا آغا ہیں جو سبھی امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ہفتے کی صبح آغا اشرف علی کے انتقال کی خبر پھیلتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سیلاب دیکھنے کو ملا ہے۔بیشتر صارفین کا کہنا تھا کہ مرحوم نہ صرف ایک اعلیٰ درجے کے ماہر تعلیم بلکہ ایک چلتی پھرتی انسائیکلوپیڈیا تھے۔ بعض صارفین نے انہیں اپنے فرزند آغا اشرف علی کی وجہ سے بھی یاد کیا جن کی انگریزی شاعری کو کشمیر میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔