روہنگیائی مسلمان بدترین ریاستی دہشت گردی کے شکار

0
0
 مسلم ممالک مسئلے کو اقوامِ متحدہ کے فورم پر اٹھائیں: گیلانی 
یواین آئی
سرینگر؍؍بزرگ علیحدگی پسند راہنما اور حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے روہنگیائی مسلمانوں کی ہلاکت پر اپنی گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ممالک خاص طور سے انڈونیشا، ملیشیا، پاکستان، ایران اور ترکی کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مسئلے کو اقوامِ متحدہ کے فورم پر اٹھائیں اور میانمار حکومت کے مجرمانہ کردار کے خلاف رائے عامہ منظم کرانے کے لیے اپنے اثرورسوخ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چودھراہٹ قائم کرنے والی عالمی طاقتیں مسلمانوں کے حوالے سے دوعملی اور دوہرے معیار کے شکار ہیں اور وہ ان پر ہورہے سنگین مظالم کو روکنے میں کوئی موثر کردار ادا نہیں کررہی ہیں۔ مسٹر گیلانی نے پیر کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ روہنگیائی مسلمان بدترین قسم کی ریاستی دہشت گردی کے شکار ہیں اور برما کی حکومت سرکاری سطح پر ان کے خلاف نسل کشی کی مہم چلارہی ہے۔ انہوں نے مسلم ممالک اور خاص طور سے پاکستان کی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے ان مظلوم مسلمان بھائیوں کی زندگیاں بچانے کے لیے موثر کارروائی کریں اور اس مسئلے پر عالمی رائے عامہ منظم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل اور ذرائع کو بھی بروئے کار لائیں اور سمندر کی لہروں میں پھنسے ہزاروں لوگوں کو کنارے لگانے میں رول ادا کرے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو عالم اسلام میں ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے اور دنیا میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں کو ظلم وستم کا شکار بنایا جاتا ہے، ان کی نظریں اس ملک کی طرف اُٹھتی ہیں کہ وہ ان کے بچاؤ کے لیے آگے آئے گا اور اپنی سفارتی چینلوں کو متحرک کرکے اس ظلم کو روکنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے اس بات پر زبردست افسوس اور حیرانگی کا اظہار کیا کہ دنیا کی وہ بڑی طاقتیں، جو جمہوریت اور انسانی حقوق کی علمبردار کہلاتی ہیں، برما کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار پر چُپ سادھ لی ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں رونگیائی مسلمان بے گھر اور بے یارومددگار ہیں، مگر ان کے لیے کوئی بات تک کرنے کو تیار نہیں ہے۔ برما کی بدھشٹ حکومت پچھلے کئی سالوں سے اقلیتی کیمونٹی پر ناروا مظالم ڈھارہی ہے، ان کے معصوم بچوں، عورتوں، بوڑھوں اور نوجوانوں کو قتل کررہی ہے، مسلم لڑکیوں کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے، البتہ اس پر عالمی برادری کارروائی کررہی ہے اور نہ ہی مسلم ممالک اپنی ذمہ داری کو پورا کرتے ہیں جو پوری امت مسلمہ کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ مسٹر گیلانی نے کہا کہ کشمیری قوم خود ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے اور آلام ومصائب میں جی رہی ہے، البتہ ہم اپنے مظلوم رونگیائی مسلم بھائیوں کے دُکھ درد کو دل سے محسوس کرتے ہیں اور ہم دُعا گو ہیں کہ اﷲ تبارک وتعالیٰ انہیں مصیبتوں سے چھٹکارا نصیب کرے اور ان کے نجات کی کوئی سبیل نکل آئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا