جموں و کشمیر کے 16 امیدوار سول سروسز امتحانات میں کامیاب،ایل جی نے مبارکباد پیش کی
یواین آئی
نئی دہلی/جموں/سرینگر؍؍ یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے منگل کے روز سول سروسز امتحان 2019کے آخری نتائج کا اعلان کیا ، جس میں پردیپ سنگھ نے پہلی ، جتن کشور نے دوسری اور پرتبھا ورما نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس بارمجموعی طور پر 829امیدواروں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ان امیدواروں میں جنرل زمرہ کے 304، معاشی طور پر کمزور طبقات سے 78، دیگر پسماندہ طبقات کے 251و 129 درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل کے 67امیدوار شامل ہیں۔یو پی ایس سی نے ستمبر 2019میں سول سروس کے لئے تحریری امتحان لیا۔ رواں سال فروری اور اگست کے درمیان کئے گئے انٹرویو کے بعد یہ نتائج جاری کئے ۔ امتحان کی بنیاد پرکمیشن نے انڈین ایڈمنسٹریٹیوسروس (آئی اے ایس )، انڈین فارن سروس (آئی ایف ایس )، انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس ) اور سنٹرل سروسز گروپ اے اور گروپ بی کے امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی ہے ۔سول سروسز مسابقتی امتحانات سال 2019 میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے کم از کم 16 امیدواروں نے کامیابی کا جھنڈا گاڑ دیا ہے جس سے یہاں کے طلبا میں انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے بیچ بھی کامیابی کی سیڑیاں طے کرنے کا حوصلہ بڑھ گیا ہے۔یونین پبلک سروس کمیشن (یو پی ایس سی) نے منگل کے روز سول سروسز امتحانات 2019 میں کامیابی سے ہمکنار ہونے والے 829 امیدواروں کی ایک فہرست منظر عام پر لائی جس میں سابق ریاست جموں وکشمیر کے 16 امیدوار شامل ہیں جن میں سے دو کا تعلق لداخ سے ہے۔بتادیں کہ یو پی ایس سی ہر سال انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس، انڈین فارن سروس، انڈین پولیس سروس و دیگر مرکزی سروسز کے لئے سول سروسز مسابقتی امتحانات کا انعقاد کرتی ہے جن میں امیدواروں کو چنا جاتا ہے۔یو پی ایس سی کی طرف سے جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق سال رواں سے سول سروسز امتحانات 2020 میں حصہ لینے والے ان امید واروں کو عمر کی حد میں کوئی تخفیف نہیں دی جائے گی جو جموں وکشمیر کے سال 1980 سے 1989 کے ڈومیسائل ہوں۔سال گزشتہ کی نوٹیفکیشن کے مطابق ان امیدواروں کی عمر کی مقررہ حد، جو 32 سال ہے، میں مزید پانچ سال کا اضافہ کیا گیا تھا جو یکم جنوری 1980 سے 31 دسمبر 1989 تک جموں وکشمیر کے ڈومیسائل رہے ہوں۔سیول سروس امتحانات 2020 سال رواں کے 31 مئی کو منعقد ہونا طے تھے لیکن کورونا وبا پھوٹنے کی وجہ سے اس کو موخر کر دیا گیا اور امتحانات کی نئی تاریخ 4 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔دریں اثنا تیز رفتار انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کے بیچ بھی جموں وکشمیر کے قریب سولہ امیدواروں کی کامیابی سے یہاں کے طلبا میں تعلیمی منازل طے کرنے کا حوصلہ مل گیا ہے۔ایک طالب علم نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ان طلبا کی کامیابی سے مجھے حوصلہ ملا ہے کیونکہ میں بھی سیول سروس امتحانات کے لئے تیاری کررہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات سے میری حوصلہ شکنی ہوئی تھی لیکن اب ایک بار پھرمیں جوش وجذبہ کے ساتھ پڑھائی شروع کروں گا۔فٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کے اُمیدواروں کو سول سروس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے مبارکباد پیش کی ۔اپنے ایک مبارکبادی پیغام میں لفٹینٹ گورنر نے کامیاب اُمیدواروں کو اعلیٰ کارکردگی کیلئے اظہار تہنیت کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ اپنے فرایض تندہی ، لگن اور خلوص سے انجام دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اُن کی کوششوں اور محنتِ شاقہ کا نتیجہ ہے اور ان کیلئے مستقبل میں بھی مزید کامیابی کی تمنا ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی جموں کشمیر کے مزید نوجوانوں کو آنے والے برسوں میں ملک کے سول سروس امتحان میں حصہ لینے کی ترغیب دے گی ۔ انہوں نے کامیاب اُمیدواروں کے والدین اور اہلِ خانہ کو بھی مبارکباد پیش کی ۔