قیادت کو تباہ و برباد کرنے میں مصروف: التجا مفتی
یواین آئی
سرینگر؍؍پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صاحبزادی التجا مفتی نے کہا ہے کہ جہاں پاکستان بزرگ علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی کو اعلیٰ سویلین ایوارڈ دینے کا ارادہ رکھتا ہے وہیں حکومت ہند جموں و کشمیر میں مین اسٹریم قیادت کو بدنام اور تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں مین اسٹریم قیادت ان لوگوں پر مشتمل ہے جنہوں نے 70 سال تک بھارت کے لئے جدوجہد کی ہے۔ التجا مفتی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘جہاں پاکستان گیلانی صاحب کو اعلیٰ سویلین ایوارڈ دینے کا ارادہ رکھتا ہے وہیں حکومت ہند جموں وکشمیر میں مین اسٹریم قیادت کو بدنام اور تباہ کرنے میں مصروف ہے۔ یہ وہ مین اسٹریم قیادت ہے جس نے 70 سال تک بھارت کے لئے جدوجہد کی ہے۔ مین اسٹریم میں پائی جانے والی اختلاف رائے کی آواز کو ختم کرنے کی اجتماعی کوششیں قابل ملامت ہیں’۔قابل ذکر ہے کہ پاکستانی سینیٹ یا پارلیمان کے ایوان بالا میں معمر حریت لیڈر سید علی گیلانی کو ملک کے سب سے بڑے سویلین ایوارڈ ‘نشان پاکستان’ سے نوازنے کے لئے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور ہوئی ہے۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سید علی گیلانی کو طویل خدمات اور قربانیوں پر نشان پاکستان سے نوازا جائے اور ان کی جدوجہد کو قومی و صوبائی تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے قریب بننے والی یونیورسٹی کو سید علی گیلانی کے نام سے منسوب کیا جائے۔