لازوال ڈیسک
لیہہ؍؍بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے رکن پارلیمان جمیانگ سیرنگ نمگیال کو پارٹی کے لداخ یونٹ کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔پارٹی کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے رکن پارلیمان جمیانگ سیرنگ نمگیال کو لداخ یونٹ کا صدر مقرر کیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے سال گذشتہ کے آئینی دفعات 370 و 35 اے کی تنسیخ اور سابق ریاست جموں کشمیر کو دو حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد لداخ ایک علیحدہ یونین ٹریٹری کے طور پر ملک کے نقشہ پر ابھر گئی ہے۔ جمیانگ سیرنگ نمگیال دوسرے بی جے پی لیڈر ہیں جنہیں لداخ کے یونین ٹریٹری بننے کے بعد یہاں پارٹی کی کمان سونپی گئی ہے۔ قبل ازیں رواں برس مارچ کے پہلے ہفتے میں سابق وزیر سیرنگ ڈورجے نے بی جے پی لداخ یونٹ کے پہلے صدر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا لیکن موصوف نے دو ماہ بعد ہی نہ صرف صدارت کے عہدے بلکہ پارٹی کی بنیادی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیا تھا۔سیرنگ ڈورجے نے یونین ٹریٹری انتظامیہ کی کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر ملک کے مختلف حصوں میں درماندہ لداخی مسافروں، مریضوں، زائرین اور طلبا کو گھر واپس لانے میں ناکامی پر بطور احتجاج اپنا استعفیٰ پیش کیا تھا۔ دریں اثنا رکن پارلیمان جمیانگ سیرنگ نمگیال نے بی جے پی لداخ یونٹ کا صدر بنائے جانے پر پارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: ‘آپ نے مجھے اس کام کے لائق سمجھا اور مجھے یہ ذمہ داری سونپی، اس کے لئے میں پارٹی لیڈرشپ اور تمام مقامی لیڈران و کارکنان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘مجھے امید ہے کہ تمام مقامی لیڈران اور کارکنان مجھے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔ میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں اس ذمہ داری کو نبھانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑوں گا۔ ہم سب مل کر کام کریں گے’۔