پلوامہ کا دورہ کیا ، مختلف وفود اور عوامی نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ؛91.91 کروڑ روپے کی مالیت کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج ترقیاتی مقاصد کے حصول کیلئے عملی عوامی شمولیت اور اضلاع کی کلہم ترقی کیلئے بہتر منصوبہ بندی پر زور دیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس کا اظہار آج ضلع پلوامہ کے دورے کے دوران کیا جہاں وہ مختلف وفود اور عوامی نمائندوں کے ساتھ ملے اور انہیں درپیش مسائل سے موقعہ پر جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے 91.91 کروڑ روپے کی مالیت کے 19 ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا اور متعدد پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ اُن کے ہمراہ لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان ، رُکنِ پارلیمان نذیر احمد لاوے ، پرنسپل سیکرٹری زراعت و باغبانی ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، آئی جی پی کشمیر ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ اور مختلف محکموں کے سربراہان تھے ۔ دورے کے دوران لفٹینٹ گورنر سے 20 وفود ملے جن میں پنچائتی راج ، بلدیاتی اداروں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندگان ، میوہ اُگانے والے ، ڈیری شعبہ سے وابستہ کسان ، کولڈ سٹورز انجمن ، زعفران اگانے والوں کی انجمن ، حیاتیاتی سبزیاں اگانے والوں کا وفد ، اوقاف ، سٹیزن کونسل ترال ، گُجر بکروال طبقے سے وابستہ نمائندگان ، ہینڈ لوم اور دستکاری بنکر ، سیلف ہیلپ گروپ( این آر ایل ایم ) کے ارکان اور رضا کار تنظیموں کے نمائندے شامل ہیں ۔ وفود نے لفٹینٹ گورنر کو انہیں درپیش مسائل سے آگاہ کر کے اُن کا مقررہ مدت کے اندر ازالے کیلئے اُن کی توجہ طلب کی ۔ ارکان اور وفود نے پنچائتوں کو بااختیار بنانے ، بے روز گار نوجوانوں کیلئے خصوصی پیکج ، پلوامہ قصبے کی دیدہ زیبی اور ترقی ، تعلیمی شعبے کی توسیع ، سڑک رابطوں کو مستحکم بنانے ، فروٹ منڈی کے قیام ، آبپاشی سہولیات کی ترقی ، ویٹر نری یونٹوں کے قیام ، پانی کے ترسیلی نظام کی توسیع ، زعفران کیلئے ای مارکیٹنگ کی فراہمی ، قومی شاہراہ پر زعفران نیو پوائینٹس کا قیام ، حیاتیاتی کھادوں وغیرہ کو تیار کرنے کیلئے تربیت کی فراہمی ، مارکیٹ انٹر وینشن سکیم کو متعارف کرنے اور ٹھیکہ فارمنگ کو اختیار کرنے ، گُجر بکروال طبقے کو بی پی ایل زمرے میں شامل کرنے ، یارن بنک کا قیام ، اپنی مدد آپ ارکان کیلئے آسان شرائط پر قرضہ کی فراہمی اور اُن کیلئے خصوصی مالی امور سے متعلق جانکاری کیمپوں کا انعقاد ، کھیل کود ڈھانچے کو توسیع دینے کی مانگ کی ۔ اٹھائے گئے مسائل اور مانگوں کے ضمن میں لفٹینٹ گورنر نے وفود کے ارکان کو یقین دلایا کہ اُن کے جائیز مسائل پر ترجیحی طور غور کر کے اُن کا فوری ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ افسران کو لازمی اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پنچائتی راج اور بلدیاتی اداروں کا استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور مقامی لوگوں کو جاری مختلف بہبودی سکیموں سے استفادہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی پروگراموں میں لوگوں کی عملی شمولیت پر زور دیا ۔ عوامی وفود کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کے ضمن میں لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ محکموں کو اُن مسائل پر غور کر کے اُن کا فوری ازالہ کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے ترال میوہ منڈی کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے اور اس سلسلے میں مفصل پروجیکٹ رپورٹ پیش کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے جموں کشمیر میں مویشیوں کی نقل و حمل کو باقاعدہ بنانے اور اس کیلئے قواعد و ضوابط مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ لفٹینٹ گورنر نے نامکمل اور التوا میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل کیلئے وقت کا تعین کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے مقامی مسائل جیسے سڑکوں پر میکڈم بچھانے ، پینے کے پانی کی ترسیل اور بیک ٹو ولیج کاموں کو ترجیحی دینے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے لوگوں کو تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا رہنے جس میں ماسک پہننا ، سماجی دوری بنائے رکھنا اور حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری قواعد و ضوابط پر من و عن عمل کرنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے صحت حکام کو اُن مقامات کی نشاندہی کرنے کیلئے کہا جہاں کووڈ مثبت معاملات میں کافی اضافہ ہوا ہے اور نمونے لینے اور اُن کی تشخیص کرنے پر زور دیا ۔ اس سے قبل لفٹینٹ گورنر نے 91.91 کروڑ روپے کی مالیت کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا ای افتتاح کیا جن میں گاڈورہ میں پلوامہ نیوہ سڑک پر نالہ رُمشی پر 2X36 میٹر پُل ، چینکی تار ترال میں 30 میٹر سٹیل پُل ،5.60 کلو میٹر پلوامہ اکہال سڑک براستہ متری گام ضلع پلوامہ ، گورنمنٹ ڈگری کالج ترال میں سائینس بلاک ، ضلع ہسپتال میں داخل مریضوں کے شعبے ، پرایمری ہیلتھ سنٹر سامورہ ، نیو ٹایپ پرایمری ہیلتھ سنٹر بٹھنور ترال ، نیو ٹایپ پرایمری ہیلتھ سنٹر نیہامہ ، نیو ٹایپ پرایمری ہیلتھ سنٹر نور پورہ ، رسیونگ سٹیشن گلباغ ترال ، قصبہ پلوامہ کیلئے واٹر سپلائی سکیم کی توسیع ، واٹر سپلائی سکیم زائی پورہ پلوامہ ، واٹر سپلائی سکیم کونی بل پانپور ، کیکوٹ میں ہائی سکول عمارت ، وسی مرگ میں ہائی سکول عمارت ، نیہامہ میں کستوربا گاندھی بالیکا ودھیالیہ شامل ہیں ۔ انہوں نے نیو ڈگری کالج بلڈنگ راج پورہ ، منی سیکرٹریٹ اونتی پورہ اور کمیونٹی ہال اونتی پورہ پلوامہ کا بھی سنگِ بنیاد رکھا۔