ڈومیسائل قانون کیخلاف احتجاج،ریاست کادرجہ بحال کرنے کی مانگ
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں وکشمیر میں بیرونی لوگوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کو لیکر یونائٹڈ ڈیموکریٹک الائنز نے ایک احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔اس سلسلے میں کنوینئر منیش ساہنی اور ترجمان راجیو مہاجن کی قیادت میں تمام ممبران نے ڈوگرہ چوک جموں میں جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔وہیں ساہنی نے کہاکہ جموں وکشمیر میں بیرونی لوگوںکو یہاں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کرنا جموں خطے کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ مرکز میں بھاجپا حکومت جموں سے روہنگیائی لوگوں کو نکالنے میں ناکام ہوئی ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت کشمیری پنڈتوں کی بازآبادکاری کرنے میں ناکام ہوئی ہے ۔وہیں راجیو مہاجن نے کہاکہ جموں و کشمیر میں نئے ڈومیسائل قانون کی وضاحت کی جائے جس کی وجہ سے یہاں کی ایک کروڑ سے زائد آبادی متاثر ہو رہی ہے ۔اس موقع پر آئی جی ریٹائرڈ سدھیر ڈوگرہ ، ایس ایس پٹھانیہ ، کرشن منہاس، ستیش پونشی، کلبیر سنگھ سلاتھیہ ،بھارت بھوشن گپتا، گجن سنگھ کھجوریہ، راجندر گپتا و دیگران موجود تھے ۔