ممبئی، 3 جون (یو این آئی) بالی وڈکی سدابہار جوڑی امیتابھ بچن اور جیہ بچن آج اپنی شادی کی 47 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔
امیتابھ بچن 3 جون کو اپنی شادی کی سالگرہ منارہے ہیں ۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی چند پرانی تصاویر شیئر کرتے ہوئے اپنی اہلیہ جیہ بچن کوشادی کی مبارک باد دی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ایک پرانا اور دلچسپ واقعہ بھی شیئر کیا ہے۔
امیتابھ نے جو تصاویر شیئر کی ہیں وہ شادی کے منڈپ کی ہیں، تصاویروں میں امیتابھ جیہ کے ماتھے پر ٹیکہ لگارہے ہیں اور ’ہون کنڈ‘ کے آگے بیٹھے نظر آرہے ہیں، جیہ شادی کا لباس پہنی ہوئی ہیں اور بگ بی شیروانی میں ہیں۔
فوٹو شیئر کرتے ہوئے امیتابھ نے کیپشن میں لکھا ’’47 سال…. آج ہی کے دن… 3 جون 1973۔
طے کیا تھا کہ اگر ’زنجیر‘ ہٹ ہوئی تو ہم چند دوستوں کے ساتھ مل کر پہلی مرتبہ لندن جائیں گے۔
میرے والد نے پوچھا کہ تم کس کے ساتھ جارہے ہو۔
جب میں نے بتایا کہ کس کے ساتھ جارہا ہوں تو انہوں نے کہا کہ تمہیں اس کے ساتھ جانے کے لئے اس سے شادی کرنی ہوگی، ورنہ تم نہیں جاؤگے۔
تو میں نے ان کے حکم پر عمل کیا‘‘۔