سمندری طوفان کے پیش نظر گجرات میں 20ہزار سے زائد لوگوں کی منتقلی،جنوبی حصہ سے گزرنے کا امکان

0
0

یواین آئی

گاندھی نگر؍؍مشرقی وسطی اور اس سے متصل جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں اٹھے سمندری طوفان کے کل دوپہر تک شمالی مہاراشٹر اور جنوبی گجرات ساحل سے گزرنے کا امکان ہے۔اس کے اثر سے آج ،کل اور پرسوں گجرات کے بہت سارے مقامات پر بھاری سے کہیں تیز اور کہیں کہیں انتہائی تیز بارش کا انتباہ دیا گیا ہے۔ آج شام تک سورت ، ولساڈ، بھاو نگر ، جوناگڑھ ، بھروچ ، گر سومناتھ سمیت متعدد مقامات پر ہوا کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی۔ احتیاط کے طور پر ، جنوبی گجرات کے چار اضلاع والساڈ ، سورت ، نوساری اور بھروچ میں ہی ساحلی علاقوں سے اب تک 20 ہزار سے زیادہ افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔ قریبی مرکز کے زیر اقتدار ریاست دمن میں بھی متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ساحل کے قریب پولیس کو تعینات کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آج جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اس کے اثر کی وجہ سے آج سے تین دن تک کچھ مقامات پر بھاری سے بہت بھاری اور کہیں کہیں انتہائی تیز بارش ہوسکتی ہے۔ آج سہ پہر ڈھائی بجے طوفان سورت سے 600 کلومیٹر جنوب-جنوب مغرب میں واقع تھا۔ اگلے 12 گھنٹوں میں اس کے شدید طوفان میں بدل جانے کا امکان ہے۔ یہ اگلے کچھ وقت تک شمال کی جانب بڑھے گا اور اس کے بعد ، گھوم کرمہاراشٹر کے ہریہرشور اور جنوبی گجرات سے ملحقہ دمن کے قریب سے گزرے گا۔بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ 2 جون کو جنوبی گجرات ساحل پر 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔یہ تین جون کو 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائیں گی۔موسمیاتی مرکز احمد آباد کے ڈائریکٹر جینت سرکار نے بتایا کہ ماہی گیروں کو سمندر میں نہ جانے کی تنبیہ کی گئی ہے اور بندرگاہوں پر ایک نمبر کے انتباہ کے سگنل لگا دئے گیے ہیں۔طوفان کے سبب کچھ مکانوں،سڑکوں وغیرہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔اس سے پیڑ بھی اکھڑ سکتے ہیں۔اس کے پیش نظر ریاستی حکومت نے وسیع پیمانے پر احتیاطی انتظامات شروع کردئے ہیں۔این ڈی ا?ر ایف 13اور ایس ڈی ا?ر ایف کی 6ٹیموں کو سورت،نوساری،دمن،گرسومناتھ،آنند سمیت مختلف مقامات پر تعینات کیا جارہا ہے۔طوفان کے سبب بھاری بارش کے اثر سے اگلے تین دنوں تک جنوبی گجرات کے درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری سیلسیس کی کمی بھی ہوگی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا