ڈیلی ویجز اورٹھیکیداروں کے بقایاجات عید الفطر سے قبل واگزار کئے جائیں:جی ایم سروڑی
لازوال ڈیسک
کشتواڑ؍؍سابق وزیر و نائب صدر جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی غلام محمد سروڑی نے یہاں اپنے ایک بیان میں لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں اورڈیلی ویجرس کے بقایاجات عید الفطر سے قبل ادا کئے جائیں ۔یہاں ایک بیان میں موصوف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی ٹھیکیداروں نے جل شکتی محکمہ، دیہی ترقی، سڑکوں اور عمارات کے کام کئے تھے کے بقایاجات اب بھی ادا نہیں ہوئے ہیں ۔انہوںنے مزید کہا کہ چھ ماہ سے یہ بقایاجات باقی ہیں اور ان لوگوں نے حکومت کے پروجیکٹوںمیں اپنے پیسے استعمال کئے ہیں اسلئے متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے بروقت ادائیگی کی جانی چاہئے ۔سروڑی نے کہا کہ اگر ٹھیکیداروں کے بقایاجات بروقت ادا نہیں کیے گئے تو کاموںمیں رکاوٹ درپیش ہوگی اور کام بروقت مکمل نہیں ہو سکیں گے۔انہوںنے کہا کہ دیہی اور پسماندہ علاقہ جات بقایاجات کی وجہ سے کافی متاثر ہوئے ہیں ۔سروڑی نے کہا کہ عید اور دیوالی کے تہواروں کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت کو ملازمین کے مسائل پر غور کرنی چاہئے اور ان کی تنخواہوں کی واگزاری کرنی چاہیے ۔موصوف نے حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ٹھیکیداروں کے بقایا جات کوعید سے قبل واگزار کیا جائے تاکہ چل رہے پروجیکٹوں میں رکاوٹ نہ پیدہ ہو۔