رمضان المبارک نیکیوں، برکتوں، رحمتوں کی بہار

0
0
بے زبانوں کو جب وہ زبان دیتا ہے
پڑھنے کو پھر وہ قرآن دیتا ہے
بخشش پہ آتا ہے جب امت کے گناہوں کو
تحفے میں گنہگاروں کو رمضان دیتا ہے
    ماہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے ۔ اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا، رمضان المبارک کی فضیلت اور اس کے تقاضے یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے اس ماہِ مبارک کی اپنی طرف خاص نسبت فرمائی ہے۔رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے، رمضان کی اہمیت کے بارے میں ﷲ تعالیٰ نے حضرت محمدﷺ سے ارشاد فرمایا کہ اگر مجھے آپ ﷺ کی اُمت کو جہنم میں ہی جلانا ہوتا تو رمضان کا مہینہ کبھی نہ بناتا. جب رمضان المبارک کا چاند نظر آتا تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے کہ یہ چاند خیر و برکت کا ہے. میں اس ذات پر ایمان رکھتا ہوں جس نے تجھے پیدا فرمایا۔خداوند کریم نے اپنے بندوں کے لئے عبادات کے جتنے بھی طریقے بتائے ہیں ان میں کوئی نہ کوئی حکمت ضرور پوشیدہ ہے۔ نماز خدا کے وصال کا ذریعہ ہے۔ اس میں بندہ اپنے معبودِ حقیقی سے گفتگو کرتا ہے۔ بعینہٖ روزہ بھی خدا تعالیٰ سے لَو لگانے کا ایک ذریعہ ہے۔رمضان کے اس مبارک ماہ کی ان تمام فضیلتوں کو دیکھتے ہوئے مسلمانوں کو اس مہینہ میں عبادت کا خاص اہتمام کرنا چاہیے اور کوئی لمحہ ضائع اور بے کار جانے نہیں دینا چاہیے۔
   جس طرح ظاہری موسموں میں ایک بہار کا موسم ہے اسی طرح روحانی کائنات کا موسم بہار ماہ رمضان ہے ۔کتنے ہی خوش قسمت ہیں ہم جن کی زندگیوں میں ایک مرتبہ پھر یہ روحانی بہار عود کر آئی ہے ۔ ورنہ کتنے ہی ایسے تھے جو اس بہار سے پہلے ہی ہم سے جدا ہوگئے ۔ پس ہمیں خوش ہونا چاہئے کہ یہ دن دوبارہ ہماری زندگیوں میں آ نے والے ہیں۔ ہمارے پیارے آقا حضرت محمد مصطفیؐ نے ایک موقعہ پر اس ماہ مبارک کی آمد کی خبر یوں دی کہ ’’سنو سنو تمہارے پاس رمضان کا مہینہ چلا آتا ہے ۔ یہ مہینہ مبارک مہینہ ہے جس کے روزے اللہ تعالیٰ نے تم پر فرض کردیئے ہیں اس میں جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اور دوزخ کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور سرکش شیطانوں کو جکڑ دیا جاتا ہے ۔ اور اس میں ایک رات ایسی مبارک ہے جو ہزار راتوں سے بہتر ہے جو اس کی برکات سے محروم رہا تو سمجھو کہ وہ نامراد رہا. رمضان ایسا پیار امہینہ ہے جس کے استقبال کے لئے آسمان پر بھی تیاریاں ہوتی ہیں اور جنت سجائی جاتی ہے۔ چنانچہ آنحضرت ﷺ فرماتے ہیں کہ، ماہ رمضان کے استقبال کے لئے یقیناًسارا سال جنت سجائی جاتی ہے ۔اور جب رمضان آتا ہے تو جنت کہتی ہے کہ یا اللہ اس مہینے میں اپنے بندوں کو میرے لئے خاص کردے.رمضان کا خاص خیال رکھو کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے جو بڑی برکت والا اور بلند شان والا ہے ۔ اس نے تمہارے لئے گیارہ ماہ چھوڑ دیئے ہیں جن میں تم کھاتے ہو اور پیتے ہو اور ہر قسم کی لذات حاصل کرتے ہو مگر اس نے اپنے لئے ایک مہینہ کو خاص کرلیا ہے. ماہ رمضان المبارک میں عبادات ، نیک اعمال ، فہم دین کے حصول کے لیے اپنی تربیت ضرور کی جائے تاکہ وقت کا بہتر استعمال ہو ۔سحری افطاری، نمازوں ، تہجد و نوافل کی ادائیگی معمولات میں ترجیح او ل ہو، اس بار نمازیں تراویح گھر ہی آدا کریں.ذیل میں کچھ تجاویزذکر کی جارہی ہیں جن پر عمل کرکے ماہِ رمضان کی فیوض و برکات کو حاصل کرنا آسان بن جائے گا۔
1. سحری کے لیے جلدی اٹھنا، تہجد کی نماز پڑھنا اور کام کاج میں گھر والوں کا ہاتھ بٹانا.
2. نمازیں ادا کرنا، تلاوتِ قرآن اور ذکرواذکار میں مشغول رہنا، اشراق اور چاشت نماز کا اہتمام کرنا.
3. تمام نمازوں کو خشوع و خضوع کے ساتھ اپنے وقت پر ادا کرنا اور فارغ وقت میں تلاوت کرنا.
4.پورا دن غیبت، جھوٹ، بہتان، چغلی، گالی گلوچ، حسد، کینہ، تکبر، بدنظری و دیگر قبیح افعال سے اجتناب کرنا.
5. افطاری سے پہلے دعا و استغفار کا خصوصی اہتمام کرنا.
اس بابرکت ماہ کی برکات سے مستفید ہونے کے لیے ضروری ہے کہ اپنا اکثر وقت عبادت میں گزارا جائے۔ تلاوت کے لیے ایک محدود مقدار متعین کرلینا یا خود کو ذکر و اذکار کی چند تسبیحات تک محدود کردینا ایمان کی کمزوری کی علامت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ماہ کی رحمتوں اور برکتوں سے پورا پورا فائدہ حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے. یا اللہ اس مبارک مہینہ میں ہم تیری رحمت کے طلب گار ہیں. ہمارے گناہوں کو معاف فرما کر ہم کو بخش دے اور سچی توبہکی توفیق نصیب فرما کہ رمضان المبارک کے جانے کے بعد بھی ہم گناہوں کی دنیا میں واپس نہ پلٹ جائیں۔
عبادتوں کے اس دور میں
آؤ مانگیں سب کے لیے مغفرت
مانگتے ہیں ہم کچھ نہ کچھ اپنے لیے
چلو آج دوسروں کے لیے مانگیں
رمضان کی آمد کی خوشی ہے بہت
ساتھ ہی اس کے رخصت ہو جانے کا غم
خدا کرے وقت تھم جائے اس وقت
جب برس رہی ہو خدا کی رحمت ہم پر
رمضان کے رخصت ہونے سے پہلے
درِ توبہ بند ہونے سے پہلے
اس مبارک مہینے کی ہر فضیلت حاصل کر لیں
جو ہم گزشتہ سالوں میں حاصل نہ کر سکے
یا اللہ ماہ رمضان کے صدقے ہمیں کرونا وائرس جیسے عذاب سے بچا. یا اللہ کرونا وائرس سے مبتلا مریضوں کو جلد تندرستی عطا فرما. یا اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما، اور اس کرونا وائرس سے ہم سب کو اپنے حفط و امان میں رکھ، تجھے واسطہ ہے تیرے پیارے رسول ﷺ کا،
کالم نگار _ راشد علی یوسف رضا
فون نمبر _ 7780917140

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا