ٹو جی خدمات میں طلبہ آن لائین تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کررہے ہیں
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں و کشمیر میں فورجی انٹرنیٹ خدمات ایک طویل عرصہ سے منقطع ہیں وہیں دنیا عالمی وبائی مرض کرونا وائرس سے لڑائی لڑ رہی ہے اور جموں و کشمیر فورجی انٹرنیٹ خدمات منقطع ہونے سے کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔اسی سلسلے میںجموں و کشمیر کی کئی سیاسی اور سماجی تنظیموں نے فورجی خدمات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن یہ خدمات بحال نہیں ہوئی ہیں۔اس ضمن میں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر و سابق ایم ایل اے دویندر سنگھ رانا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فورجی انٹرنیٹ خدمات کو ای ایس ایم اے کے تحت ضروری خدمات میںشامل کیا جائے اور جموں و کشمیر میں ان خدمات کو بحال کیا جائے۔موصوف نے مزید کہا کہ ان خدمات کے منقطع رہنے سے ایک بڑا طبقہ پریشانی میں ہے ،خواہ وہ طلبہ ہوں یا تاجر طبقہ ہو پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان خدمات کو بحال کیا جائے تاکہ طلبہ آن لائین تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا نہ کریں۔رانا نے کہا کہ ٹو جی خدمات کی وجہ سے طلبہ آن لائن تعلیم حاصل کرنے میں پریشانیوں کو سامنا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں فورجی خدمات کو بحال کیا جائے۔