نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) مرکزی حکومت نے ’ہندوستان کووڈ19 ہنگامی ردعمل اور صحت کے نظام تیاری پیکیج‘کے لئے 15000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کو منظوری دے دی ہے۔ مرکزی کابینہ کی آج ہوئی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا اور اس منظور شدہ فنڈ کی رقم کا تین مراحل میں استعمال کیا جائے گا۔
سردست فوری طور پر کووڈ۔19 ہنگامی رد عمل (7774 کروڑ روپے کی رقم) کا انتظام کیا گیا ہے۔ باقی فنڈز وسط مدتی تعاون (1-4 سال) کے طور پر مشن موڈ میں دستیاب کرایا جائے گا۔
پیکج کے اہم مقاصد میں تشخیص اور کووڈ کے علاج لئے تیاری، متاثرہ مریضوں کے علاج کے لئے ضروری طبی سامان اور ادویات کی مرکزی خریداری، مستقبل میں وبا سے بچاؤ اور تیاریوں میں تعاون کے لئے قومی اور ریاست صحت کے نظام کو مضبوطی دینا اور تیار کرنا ہے۔ اس میں لیبارٹریوں کے قیام اور نگرانی سرگرمیاں بڑھانا، بائیو سیفٹی تیاریاں، وبا تحقیق اور کمیونٹیز کو فعال طور پر شامل اور خطرے مواصلات کی سرگرمیوں کے ذریعے ہندوستان میں کووڈ۔19 کے پھیلاؤ کو کم اور محدود کرنے کے لئے ہنگامی ردعمل بڑھانا شامل ہے۔ ان اقدامات اورپہل کو صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے تحت ہی لاگو کیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت دیگر متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے پہلے ہی کئی اقدامات اٹھا چکی ہے، جو یہ ہیں:
پیکیج کے تحت موجودہ صحت کے مراکز کووڈ کے لئے ہسپتالوں،کووڈ صحت مراکز اورکووڈ دیکھ بھال کے مراکز کے طور پر تیار کرنے کے لئے ریاست / مرکز زیر انتظام علاقوں کے لئے 3000 کروڑ روپے کا اضافی فنڈ جاری کیا جا چکا ہے۔ کوارنٹائن، گوشہ تنہائی، ٹیسٹ، علاج، بیماری کی روک تھام، ڈس انفیکشن، سماجی فاصلے (جسمانی فاصلہ) اور نگرانی کے لئے وسیع ہدایات، پروٹوکول اور مشاورت جاری کئے جا چکے ہیں۔ ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور روک تھام کی حکمت عملی کو لاگو کیا جا رہا ہے۔