سری نگر، 18 اپریل (یو این آئی) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک کو یقینی بنانے کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن کے بیچ وادی کشمیر میں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعینات بیشتر اساتذہ اور زیر تعلیم ریسرچ اسکالرس و طلبا مطالعہ کتب اور تصنیف و تالیف میں وقت گذاری کررہے ہیں۔
آپ کو بتادیں کہ وادی میں سال گذشتہ کے ماہ اگست سے تعلیمی سرگرمیاں معطل رہنے کے بعد امسال ابھی تعلیمی ادارے کھل ہی رہے تھے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر ان کو بند کیا گیا۔
کشمیر یونیورسٹی کے شعبہ ہندی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے بطور تعینات ڈاکٹر بھارت اندو کمار پاٹھک نے یو این آئی اردو کے ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران وقت گذاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا: ‘میں ایک کتاب لکھ رہا تھا جو بعض وجوہات کی بنا پر تشنہ تکمیل رہ گئی تھی، لاک ڈاؤن کے باعث گھر میں رہنے سے ایک تو میں نے وہ کتاب مکمل بھی کی اور اب اس کی ضروری تصحیح و اصلاح کررہا ہوں’۔