جموں، 13 اپریل (یو این آئی) جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے جموں وکشمیر پولیس کے دو اہلکاروں پر تیز دھار والے ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
ذرائع کے مطابق کشتواڑ ایک دور افتادہ علاقے دچھن میں پیر کے روز مشتبہ جنگجوؤں نے تیز دھار والے ہتھیاروں سے جموں وکشمیر پولیس میں ایس پی اوز کے بطور کام کرنے والے دو اہلکاروں پر حملہ کرکے ایک کو ہلاک جبکہ دوسرے شدید زخمی کردیا۔
مہلوک ایس پی او کی شناخت خورشید اقبال جبکہ مضروب ایس پی او کی شناخت وشال سنگھ کے بطور کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے متذکرہ پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکار کو علاج ومعالجے کے لئے نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثنا ایس ایچ او کشتواڑ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دچھن ضلع ہیڈ کوارٹر سے کافی دور ہے اور ایک پولیس پارٹی کو وہاں روانہ کیا گیا ہے۔