نئی دہلی، 13 اپریل (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کے بعد چھوٹی صنعتوں میں پروڈکشن کی سرگرمیوں کو دھیرے دھیرے دوبارہ شروع کرکے ضروری اشیاء کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے ٹرکوں کی آمد و رفت بحال کیے جانے کے ساتھ ہی اور صنعتوں کوزیرو انٹریسٹ پر قرض مہیا کروایا جانا چاہیے۔
کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان کی صورتحال لاک ڈاؤن کا سامنا کرنے والے دیگر کئی ملکوں کے مقابلے میں مختلف ہے۔ ہندوستان میں21 دنوں کے لاک ڈاؤن سے کئی صنعتیں بند ہونے کو ہیں اور انھیں دوبارہ شروع کرنے میں مشکلات درپیش ہیں لہٰذا ایکسپورٹ (برآمد) سے منسلک صنعتوں کو زیرو انٹریسٹ پر قرض دیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی بھی حالت بہت خراب ہے۔ ہندوستانی صنعتیں لمبے عرصے تک لاک ڈاؤن نہیں جھیل سکتیں۔ اگر یہ دوبارہ شروع نہ ہوئیں تو کروڑوں لوگوں کے سامنے روزگار کا مسئلہ کھڑا ہو جائے گا اور کروڑوں افراد خط افلاس سے نیچے چلے جائیں گے لہٰذا حکومت کو ان کے لیے دوسرا راحت پیکج لانے کا اعلان کرنا چاہیے۔
مسٹر شرما نے کہا کہ ملک کے سامنے غیر معمولی چیلنج ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے حکومت کو معاشی ترقی کی شرح کی فکر کیے بغیر قدم اٹھانا چاہیے۔ حکومت کے پاس پیسے کی کمی نہیں ہے۔ اسے کسی ریاست کے ساتھ تفریق کیے بغیر سبھی کو مالی پیکج دینا چاہیے۔