لازوال ڈیسک
جموں؍؍ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر جموں ریلوے نے 6 ریل ڈبوں کو قرنطینہ وارڈوں کے بطور تیار کیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر انہیں استعمال میں لایا جاسکے۔جموں ریلویز کے سینئر ڈی ٹی ایم چیتن تنیجا نے اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جموں میں چھ کوچز کو قرنطینہ وارڈوں میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ حکومت وقت ضرورت انہیں استعمال میں لا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ڈبے میں نو کیبن ہیں ایک کیبن میڈیکل ٹیم کے لئے جبکہ باقی کیبن مریضوں کے لئے مخصوص ہیں۔ موصوف افسر نے کہا کہ ان ڈبوں میں تمام تر ضروری میڈیکل سہولیات دستیاب ہوں گی اور یہ سارے کیبن تمام تر ضروری ساز وسامان سے لیس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ڈبوں میں 48 مریضوں کو کورنٹائن کرنے کی سہولیات دستیاب ہے۔چیتن نے کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ برابر رابطے میں ہیں اورضرورت پڑتے ہی ان کوچز کو استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جموں میں اب تک کورونا وائرس کے زائد از دو درجن مثبت کیسز درج ہوئے ہیں جو کشمیر میں درج ہوئے کیسز کے مقابلے میں کافی کم ہیں۔ جموں میں کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن جاری ہے اور لوگ گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔