یواین آئی
سرینگر؍؍جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے کہا کہ ان کے نام سے کئی جعلی ٹوئٹر اکائونٹ کھولے گئے ہیں جو کنفیوژن پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے متعلقین سے کہا کہ میرا ایک ہی ٹوئٹر اکائونٹ ہے اور ساتھ ہی جعلی اکائونٹ کھولنے والوں سے کہا ہے کہ موجودہ مشکل حالات کے پیش نظر وہ ایسا کرنے سے اجتناب کریں۔اہلیان جموں وکشمیر تک اپنے ٹوئٹر ہنڈل کے ذریعے کورونا وائرس سے متعلق تمام اپڈیٹس پہنچانے والے روہت کنسل نے ایک ٹوئٹ میں کہا: ‘مجھے بتایا گیا کہ میرے نام سے کئی جعلی ٹوئٹر اکائونٹ کھولے گئے ہیں۔ یہ جعلی اکاوئنٹس کنفوژن پیدا کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔ برائے مہربانی نوٹ کریں کہ میرا اس کے علاوہ کوئی دوسرا ٹوئٹر اکاوئنٹ نہیں ہے۔ ہم مشکل حالات میں ہیں۔ برائے مہربانی ایسا کرنے سے اجتناب کریں’۔ بتادیں کہ روہت کنسل کو آج کل ٹوئٹر پر بڑے پیمانے پر فالو کیا جارہا ہے اور اس کی وجہ موصوف کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق لگاتار اپڈیٹس کی فراہمی ہے۔ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران ان کے ٹوئٹر فالورس کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور کورونا وائرس سے متعلق باخبر رہنے کے لئے ہزاروں نوجوانوں نے ٹوئٹر استعمال کرنا شروع کردیا ہے جہاں وہ روہت کنسل کو فالو کررہے ہیں۔