سری نگر۔ وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے باعث پہلی موت ہوئی ہے اور مہلوک شخص جس کی عمر 65 برس بتائی جارہی ہے، سری نگر کے ڈل گیٹ علاقے میں واقع ہسپتال برائے امراض سینہ میں زیر علاج تھے۔ مہلوک شخص کورونا وائرس کے علاوہ شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے کا شکار تھے۔ سری نگر کے مضافاتی علاقہ حیدر پورہ کے رہنے والے مہلوک شخص تبلیغی جماعت کے ساتھ وابستہ تھے اور انہوں نے انڈونیشیا اور ملائشیا میں ہونے والے تبلییغی اجتماعات میں شرکت کی تھی۔ وہ وہاں سے واپسی پر نئی دہلی، اترپردیش اور جموں میں ٹھہرے تھے۔
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں جن چار افراد کے کورونا وائرس ٹیسٹ بدھ کے روز مثبت آئے ہیں، ان کے مہلوک شخص کے ساتھ قریبی روابط تھے اور پانچوں نے ایک ساتھ مذہبی اجتماعات میں شرکت کی تھی۔ ایک مقامی خبررساں ایجنسی نے ڈاکٹروں کے حوالے سے کہا ہے: ‘کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کی موت جمعرات کی صبح واقع ہوئی۔ ان کو دل کا دورہ پڑا اور ہماری سخت کوششوں کے باوجود وہ دم توڑ گئے۔ وہ شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے کا بھی شکار تھے’۔ دریں اثنا جموں وکشمیر حکومت کے ترجمان روہت کنسل نے وادی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔