مائیکروسافٹ نے بتایا ہے کہ اس وقت دنیا میں ایک ارب سے ایکٹیو ڈیوائسز میں ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کام کررہا ہے۔مائیکروسافٹ کے کارپوریٹ نائب صدربرائے ماڈرن لائف اینڈ دی سرچ اینڈ ڈیوائسز گروپ یوسف مہدی نے بتایا ‘آج ہم یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتے ہیں کہ200 سے زائد ممالک کے ایک ارب سے زائد افراد نے ونڈوز 10 کا انتخاب کیا اور ایک ارب سے زائد ڈیوائسز میں اسے استعمال کیا جارہا ہے، اس کے لیے ہم اپنے صارفین، شراکت داروں اور ملازمین کے شکرگزار ہیں’۔ان اعدادوشمار میں ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز، لیپ ٹاپس، ایکس باکس ون کنسولز اور ہولو لینسز ڈیوائسز شامل ہیں اور اس طرح مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 10 والی ڈیوائسز ایک ارب تک پہنچانے کا ہدف طے کردہ ہدف کے مقابلے میں 2 سال بعد حاصل کرلیا ہے۔مائیکروسافٹ نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت 17.8 ملین سے زائد ونڈوز انسائیڈر ٹیسٹرز موجود ہیں۔2015 میں جب مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 کو متعارف کرایا تھا تو اس نے منصوبہ بندی کی تھی کہ اگلے 3 برسوں میں اس آپریٹنگ سسٹم کو استعمال کرنے والی ڈیوائسز کی تعداد ایک ارب تک پہنچائے گی، مگر ونڈوز فون کی ناکامی کی وجہ سے دورانیے کو بڑھا دیا گیا۔اب بھی یہ ہدف 5 سال سے کم عرصے میں حاصل کرلیا گیا۔یوسف مہدی نے انکشاف کیا کہ ونڈوز 10 اب واحد آپریٹنگ سسٹم ہے جو ایک ہزار سے زائد مختلف کمپنیوں کے80 ہزار کمپیوٹرز ماڈلز ، مختلف لیپ ٹاپس اور ٹو ان ون کا حصہ ہے۔ایک ارب کا سنگ میل اس وقت طے کیا گیا جب مائیکروسافٹ کی جانب سے جنوری میں ونڈوز 7 کے لیے سپورٹ ختم کردی گئی تھی جس سے کمپنی کو یہ ہدف حاصل کرنے میں مدد ملی کیونکہ کاروباری اداروں نے ونڈوز 7 کی جگہ نئے آپریٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا۔اس اپ گریڈ سے پہلی بار کمپیوٹر مارکیٹ میں 2011 کے بعد شرح نمو میں بہتری دیکھنے میں آئی۔