تعلیمی ادارے، کوچنگ مراکز، ہوٹل، رستوران، پارکیں اور باغات بند رہیں گے
یواین آئی
سرینگر؍؍ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کی طرف سے منگل کے روز احتیاطی تدابیر کی فہرست پر مشتمل ایک حکمنامہ جاری ہوا جس میں تمام تعلیمی اداروں، کوچنگ سینٹروں، تفریحی پارکوں وباغوں، ہوٹلوں، ریستورانوں کے علاوہ احتجاجی دھرنوں، کانفرنسوں، اجتماعوں اور ورک شاپوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔حکمنامے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ متعلقہ محکمہ کی متواتر نگرانی میں رہے گا اور اوور لوڈڈ گاڑی کو برسر موقع ہی ضبط کیا جائے گا۔متذکرہ حکمنامے میں کہا گیا ہے: ‘تمام میڈیکل کالج، یونیورسٹیاں، کوچنگ سینٹرس اور دیگر تمام سرکاری وغیر سرکاری تعلیمی ادارے تاحکم ثانی تواتر کے ساتھ بند رہیں گے تاہم ان اداروں کے سربراہان 20 مارچ تک آن لائن کلا سز کے اہتمام کے لئے تجاویز داخل کریں گے جن کی ضلع انتظامیہ مالی معاونت کرے گی۔ حکمنامے کی فہرست میں کہا گہا کہ ضلع سری نگر میں تمام تفریحی پارکیں اور باغات تاحکم ثانی بند رہیں گے اور یہ متعلقہ افسران کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کو لوگوں کے لئے کھولا نہ جائے علاوہ ازیں اگلے احکامات تک ضلع میں تمام ہوٹل، ریستوران، فوڈ کورٹس، کیمونٹی کیچن اور ہوم ڈیلیوری پر بھی پابندی رہے گی۔حکمنامے میں کہا گیا کہ ضلع میں ماہ رواں کی 31 تاریخ تک کانفرنسوں، ورک شاپوں، ریلیوں، احتجاجی دھرنوں اور اجتماعوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد رہے گی نیز کسی بھی سرکاری یا غیر سرکاری کیمونٹی ہال میں کسی بھی مذہبی، عوامی یا سماجی نوعیت کی محفل منعقد کرنے پر بھی پابندی عائد رہے گی اور جم سینٹروں اور سیلون بھی اگلے احکامات جاری ہونے تک بند رہیں گے۔حکمنامے میں کہا گیا کہ تمام ٹور اینڈ ٹراول آپریٹروں اور ایجنسیوں کے لئے لازمی ہے کہ وہ بین الاقوامی و قومی سطح کی ہوائی بکنگس اور زمینی سفر کی بکنگس کی مکمل تفصیلات فراہم کریں، ناظم سیاحت یہ تفصیلات حاصل کرکے نامزد نوڈل افسر کی وساطت سے فراہم کرے گا۔حکمنامے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ تواتر کے ساتھ متعلقہ محکمہ کی نگرانی میں رہے گا اور اوور لوڈڈ گاڑیوں کو برسر موقع ہی ضبط کیا جائے گا۔حکمنامے میں کہا گیا کہ انتظامیہ کی طرف سے قائم ضلع کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا اور کسی بھی مدد یا جانکاری کے لئے اس کے ساتھ رابطہ کیا جاسکتا ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔