ظہیر عباس
منڈی//منڈی صدر بازار میں تحصیل انتظامیہ کی جانب سے دورہ کیا گیا جس دوران تحصیلدار منڈی عبدالقیوم ، تحصیل سپلائی آفیسر منڈی منموہن سوری اور ایس ایچ او منڈی سوم راج نے بازار میں دوکانوں کا معاینہ کیا – اس دوران انہوں نے بازار میں بک رہی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے دوکان داروں سے 3800 روپیہ بطور جرمانہ وصولہ اور دوکانداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے آفیسران نے کہا کہ وہ اپنی دوکانوں پر صاف اور معیاری اشیاءکو عوام کے لیے دستیاب رکھیں اور اپنی دوکانوں کے حد سے باہر سامان نہ لگائیں کیونکہ اس سے ٹریفک نظام درہم برہم ہو جاتا ہے – آفسران نے سبزی فروشوں کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی عوام کیلئے تازہ اور عمدہ قسم کی سبزی اور پھل فروٹ دکانوں پر دستیاب رکھیں – انھوں نے دوکانداروں سے کہا کہ وہ اپنی دوکانوں پر ریٹ لسٹ آویزاں رکھیں اور مومی لفافوں کو استعمال میں نہ لائیں – آفسران نے دکانداروں سے مزید کہا کہ اگر ان ہدایات پر وہ عمل نہیں کریں گے تو ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی – واضح رہے کہ حال ہی میں تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی ہدایات پر پورے ضلع کی طرح تحصیل انتظامیہ منڈی نے بھی اس طرح کی کاروائی انجام دی ہے تاکہ نظام کو بہتر بنایا جا سکے –