شیعہ فیڈریشن نے ایرانی پیشکش کا خیر مقدم کیا

0
0

ہندوپاک دوستی پورے خطے کے امن کی ضامن :عاشق خان
لازوال ڈیسک
جموں//شیعہ فیڈریشن نے کشمیر میں شہری ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی جانب سے ہندوپاک کے درمیان ثالث کاکردار ادا کرنے کی پیشکش کرنے کا خیر مقدم کیاہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ ہندوپاک کے درمیان بہترتعلقات پورے برصغیر ایشیاءکے مفاد میں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی پورے خطے کے امن کی ضامن ہے اس لئے کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرکے بات چیت کاراستہ اختیار کیاجائے ۔ ان کاکہناہے کہ ہندوپاک کشیدگی سے نہ صرف اندرون ریاست بلکہ سرحدوں پر بھی ماحول کشیدہ ہے جس سے نہ صرف ترقیاتی عمل متاثر ہورہاہے بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا اتلاف بھی ہورہاہے ۔عاشق خان نے کہاکہ دنیا میں کچھ ممالک چاہتے ہی یہی ہیں کہ ہر ایک قوم و ملک دوسرے کے خلاف لڑتے رہے تاکہ ان کے مفادات پروان چڑھ سکیں اور ان کے ہتھیاروں کے خریداروں میں اضافہ ہو۔ انہوںنے کہاکہ ایسے ممالک کے آلہ کار بننے کے بجائے ہندوپاک کو ان ملکوں کی سننی چاہئے جو امن کے حامی ہیں اور جن کی خواہش ہے کہ برصغیر ہی نہیں پوری دنیا میں امن قائم ہو۔ عاشق خان نے کہاکہ حالیہ کشیدگی پر ایران نے ہندوپاک کے درمیان ثالث کاکردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے جس کا وہ خیر مقدم کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے سربراہان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس پیشکش کو قبول کرتے ہوئے جنگ و جدل کے ماحول سے باہر نکلنے کی کوشش کریں ۔انہوںنے کہاکہ سرحدوں پر ایک دوسرے کے خلاف طاقت آزمائی پر خرچ آنے والی رقم کو غریبی سے لڑنے کیلئے استعمال میں لایاجائے جس سے دونوں ممالک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ دشمنی اور کشیدگی سے کچھ حاصل نہیںہوگا اور مسائل کے حل کیلئے بالآخر بات چیت کا راستہ ہی اختیار کرناپڑے گا جس کی حقیقت ساری دنیا نے تسلیم کرلی ہے ۔ عاشق خان کاکہناتھاکہ آج بڑی سے بڑی طاقتیں بھی چھوٹے چھوٹے ممالک سے بات چیت کررہی ہیں اور جو مسئلہ مذاکرات سے حل ہوسکتاہے وہ جنگ سے نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جنگوں کا زمانہ بیت چکاہے اور موجودہ دور میں اس کی کوئی گنجائش نہیں اس لئے ایرانی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے ہندوپاک کشیدگی کو دوستی میں تبدیل کریں ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا