کھاتہ میں رقم جمع کروانے والا تلنگانہ کا شخص گرفتار
یواین آئی
حیدرآباد؍؍فوج کے خفیہ رازکا افشا کرنے والے شخص کے بینک کھاتہ میں نقد رقم جمع کروانے کے معاملہ میں کل شب جموں وکشمیر کی پولیس ایک مرتبہ پھر تلنگانہ کے ضلع جگتیال کے مٹ پلی پہنچی۔نقد رقم جمع کروانے والے جگتیال ضلع کے ملاپور منڈل کے کستاپور کے رہنے والے 35سالہ لنگناکوحراست میں لے کر مٹ پلی کورٹ میں پیش کیاگیااور ٹرانزٹ وارنٹ پر اس کو جموں لے منتقل کیاگیا۔جموں وکشمیر میں فوجی کیمپ میں کام کرنے والے راجیش نامی جوان نے انیتا نامی خاتون کو فوج کے راز فراہم کئے ۔اس بات کی شکایت پر جنوری میں ایک معاملہ درج کیاگیا تھا۔راجیش کے کھاتہ میں مختلف بینکس سے رقم منتقل کی گئی تھی۔جگتیال ضلع کے ایک شخص لنگیا کی جانب سے بھی 13فروری کو پانچ ہزار روپئے ،20جنوری کو 40ہزار روپئے جمع کروائے گئے تھے ۔اس کی جانچ کرنے والی کشمیر کی پولیس اس ماہ کی 3تاریخ کو جگیتال پہنچی تھی اور لنگیا کو حراست میں لیا تھا۔اسی دن مٹ پلی کورٹ میں اس کو پیش کیاگیا تھا۔وہاں کی پولیس اپنے ساتھ وارنٹ نہیں لائی تھی جس کے سبب لنگیا کی گرفتاری کی اجازت جج نے نہیں دی۔ جموں کے کورٹ سے وارنٹ حاصل کرتے ہوئے پولیس دوبارہ یہاں بدھ کی رات پہنچی اور مٹ پلی پہنچ کر عدالت میں لنگیا کو پیش کیا۔بعد ازاں اس کو ٹرانزٹ وارنٹ پر جموں لے گئی۔