کھیلوانڈیاکہیں زندگیوں کیساتھ کھلواڑنہ بن جائے

0
0

کرونا وائرس کے پیش نظر’کھیلو انڈیا‘ کھیل سرگرمیاں تنقید کی زد میں
یواین آئی

سرینگر؍؍جموں کشمیر انتطامیہ کی طرف سے کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے اجتماعوں میں شرکت کرنے سے احتراز کرنے کی ایڈوائزری جاری ہونے کے بیچ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتہ سے شروع ہورہی قومی سطح کی ‘کھیلو انڈیا’ سرمائی کھیل سرگرمیاں، جن میں سینکڑوں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، ہدف تنقید بن گئی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کھیل سرگرمیوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی طبی جانچ کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ گلمرگ جانے والے تمام کھلاڑیوں اور سیاحوں کی ٹنگمرگ میں ہی پہلے طبی جانچ کی جاتی ہے اور اس کے بعد انہیں گلمرگ جانے کی اجات دی جاتی ہے۔دریں اثنا مرکزی وزیر مملکت برائے یوتھ افیئرس اینڈ اسپورٹس کرن رجیجو ان کھیلوں میں شرکت کرنے کے لئے جمعہ کے روز ہی سری نگر پہنچے۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتہ سے شروع ہونے والی قومی سطح کی ‘کھیلو انڈیا’ سرمائی کھیل سرگرمیاں دنیا بھر میں کرونا وائرس کے منڈلاتے ہوئے خطرات و خدشات کے پیش نظر تنقید کا نشانہ بن گئی ہیں۔ایک سینئر صحافی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ‘ستم ظریفی کی بات ہے کہ ایک طرف جموں کشمیر انتظامیہ کرونا وائرس کے پیش نظر روزناموں کے صفحہ اول پر ایڈوائزری جاری کرتی ہے جن میں لوگوں کو اجتماعوں میں شرکت کرنے سے گریز کرنے کو کہا جاتا ہے تو دوسری طرف گلمرگ میں ایک بڑے اسپورٹس ایونٹ کا اہتمام کیا جاتا ہے، یہ اس وائرس کے لئے دعوت نامہ ہے’۔ایک اور سینئر صحافی نے کہا ہے کہ گلمرگ میں یہ کھیل سرگرمیاں اس وقت ہورہی ہیں جب کورونا وائرس کے پیش نظر دنیا کے کئی ممالک بشمول بھارت میں ایمرجنسی کی گھنٹی بج گئی ہے۔ان کا اپنے ایک ٹویٹ میں کہنا ہے: ‘گلمرگ میں کھیلو انڈیا کھیل سرگرمیاں اس وقت ہورہی ہیں جب دنیا کے کئی ممالک بشول انڈیا میں تقریباً ایمرجنسی کی گھنٹی بج گئی ہے اور کرونا وائرس کے خوف سے تمام اجتماعات کو منسوخ کیا جارہا ہے، بھارت کے گوشہ وکنار سے 8 سو کھلاڑی گلمرگ پہنچ گئے ہیں’۔انہوں نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ حکومت کی طرف سے گلمرگ میں اس وقت آٹھ سو کھلاڑیوں و دیگر متعلقہ لوگوں کو گلمرگ میں جمع ہو کر کھیلو انڈیا کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کرنا سمجھ سے باہر ہے۔وادی سے تعلق رکھنے والے ایک اور صحافی نے اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: ‘کرونا وائرس کے خوف کے پیش نظر مکہ کو حج کے لئے بند کیا گیا ہے، انڈیا میں ہولی کے اجتماعات منسوخ کئے گئے ہیں، کئی بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے اپنے ملازموں سے گھر پر بیٹھ کر ہی کام کرنے کو کہا ہے، چین کا ووہان شہرگزشتہ تین ماہ سے بند ہے اور دنیا ہائی الرٹ پر ہے لیکن حکومت کشمیر کے گلمرگ میں آج سے سات روزہ ‘کھیلو انڈیا’ نامی اسپورٹس ایونٹ کا اہتمام کررہی ہے اور ہزاروں لوگوں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ یہ دکھائیں کہ کشمیر میں سب کچھ ٹھیک ہے، کیا کشمیر میں کرونا وائرس کے لئے دعوت نامہ ہے’۔قابل ذکر ہے کہ گلمرگ میں ہفتہ سے ‘کھیلو انڈیا’ سرمائی کھیل سرگرمیوں کا آغاز ہورہا ہے جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے زائد از آٹھ سو کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا