سیکرٹری زراعت نے سریکلچر کو فروغ دینے پر زور دیا
لازوال ڈیسک
پانپور؍؍کسانوں کو سریکلچر کے شعبے میں جدید جانکاری اور ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کی غرض سے آج سینٹرل سریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی چیوٹ پانپو ر میں ایک روزہ ریشم کرشی میلہ منعقد ہوا۔اِس موقعہ پر سیکرٹری زراعت منظور احمد لون مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ اِس طرح کے پروگرام کسانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے اہمیت کے حامل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر میں27000 اَفراد سریکلچر شعبے کے ساتھ وابستہ ہے اور یہاں ریشم کی بہترین قسم تیار کی جاتی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ سریکلچر کو ایک دیہی گھریلو صنعت کی حیثیت سے فروغ دیا جارہا ہے اور اس شعبے میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔مرکزی وزارت کے ٹیکسائلز سیکرٹری سینٹر سلک بورڈ راجِت رنجن اوکھاندیار نے سریکلچر شعبے کو فروغ دینے کے لئے مرکزی وزارت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا ۔اُنہوں نے سریکلچر صنعت کو فروغ دینے کے لئے مرکزی سرکار کی جانب سے اُٹھائے جارہے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اِس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی۔ڈائریکٹر سریکلچر منظور احمد قادری نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کا خلاصہ کیا۔ڈائریکٹر سینٹر سریکلچر ریسرچ اینڈ ٹریننگ اِنسٹی چیوٹ نے ادارے میں جاری تحقیقاتی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔پنجاب کے سریکلچر محکمہ کے جوائنٹ ڈائریکٹر گلاب سِنگھ گِل نے بھی ریشم کرشی میلے میں شرکت کی۔اس کے علاوہ کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی میلے میں شرکت کر کے اِس صنعت کے تعلق سے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔اِس موقعہ پر سریکلچر صنعت کے مختلف پہلوئوں پر تحریر کئے گئے دو کتابچہ اجرا کئے گئے۔اس سے قبل سیکرٹری زراعت نے میلے میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا افتتاح کیا۔