انٹرپرینور شپ ڈیولپمنٹ پروگرام کی صدارت کی٭3870مستحقین میں 3.19 کروڑ روپے تقسیم کئے
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر فاروق احمد لون نے آج نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیگر لوگوں کو روزگار فراہم کرنے والے بن جائیں نہ کہ روزگار تلاش کرنے والے۔اُنہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ہُنر مندی کو ترقی دینے کی بدولت اُنہیں خود روزگار سکیموں کے ذریعے خود کفیل بننے کا موقعہ فراہم کیا جارہا ہے۔اِن باتوں کا اِظہار سیکرٹری موصوف نے حمایت سکیم کے تحت منعقد کئے گئے تین ہفتہ طویل انٹرپرینور شپ ڈیولپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا اہتمام جے کے ای ڈی آئی بارہمولہ نے کیا تھا ۔پروگرام کے دوران سٹارٹ اَپس کو ضروری مہارت اور خود روزگار یونٹ قائم کرنے سے متعلق جانکاری فراہم کی جائے گی۔ڈاکٹر لون تقریب پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے بطور مہمان ذی وقار کی حیثیت سے تقر یب میں شرکت کی۔شرکا ٔ کی کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے سیکرٹری موصوف نے بے روزگار نوجوانوں کو ہنر مندی کو ترقی دینے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے کئے جارہے اِقدامات کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے نوجوانوں کو یقین دِلایا کہ حکومت اُن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لئے تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکل ڈیولپمنٹ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اوریہ ایسپریشنل ڈسٹرکٹس پروگرام کے انڈی کیٹرکے طور پر بھی معرو ف ہے ۔انہوں نے بے روزگار نوجوانوں پر زور دیا وہ آگے آکر حکومت کی طرف سے چلائے جارہے مختلف سکیموں سے استفادہ کریں۔اُنہوں نے کہا کہ بارہمولہ ضلع نے نیتی آیوگ ڈیلٹا رینکنگ 2019 میں امتیازی پوزیشن حاصل کی ہے جس کے لئے ضلع کو تین کروڑ روپے کا بونس فراہم کیا گیا۔دریں اثنا ڈاکٹر لون نے ڈاکٹر اِیتو کی موجودگی میں محکمہ محنت سے تعلق رکھنے والے 3870مستحقین میں 3.19کروڑ روپے کی مالی امداد تقسیم کی۔پرنسپل گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بارہمولہ ، اے سی ڈی بارہمولہ ،اے ایل سی ، جے کے ای ڈی آئی کے نوڈل افسرو سیکٹورل افسران اس موقعہ پر موجو دتھے۔