مشیر نے کلسٹر یونیورسٹی کا دُورہ کیا
لازوال ڈیسک
جموں؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے آج کہا ہے کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کی فیکلٹی اور اِنسانی وسائل کے لئے کپسٹی بلڈنگ پروگراموں کا اِنعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ تعلیم کے معیار میں بہتری لائی جاسکے۔مشیر موصوف آج یہاں سٹیٹ اِنسٹی چیوٹ آف ایجوکیشن میں اعلیٰ تعلیم محکمہ کی کاڈی نیشن سیل کی طرف سے منعقدہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کی اِختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔تقریب پر وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر انجو بھسین ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز ، سابق وائس چانسلر جے این یو پروفیسر امیتابھ کنڈو ، ماہرتعلیم پروفیسر صلاح الدین قریشی ، پرنسپل ایس آئی ای ڈاکٹر سنگیتا ، فیکلٹی ممبران ، مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والی فیکلٹی موجود تھیں۔مشیر موصوف نے کپسٹی بلڈنگ پروگراموں کے اِنعقاد کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اِن پروگراموں کی بدولت تدریسی فیکلٹی کو تحقیقی مطالعے کے نئے طریقہ کار کے بارے میں جانکاری فراہم کی جاتی ہے۔اُنہوں نے اِس سلسلے میں اِس طرح کے اور زیادہ پروگرام منعقد کرنے پر زور دیا تاکہ تعلیم کی فراہمی کے عمل میں مزید بہتری لائی جاسکے اور یونین ٹریٹر ی کے طلباء مستفید ہوں۔محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے اِن پروگراموں کے انعقاد کی سراہنا کرتے ہوئے مشیر موصوف نے کہا کہ اِن پروگراموں کی بدولت مختلف شعبوں اور مضامین سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران کو پڑھانے کے ہنر سے واقفیت دلائی جاسکے گی۔وائس چانسلر کلسٹریونیورسٹی انجو بھسین نے بھی اِن پروگراموں کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز نے تعلیم کے معیار میں بہتری لانے کے لئے محکمہ اعلیٰ تعلیم کی طرف سے اُٹھائے جارہے مختلف اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔مشیر موصوف نے اِس پروگرام میں شریک فیکلٹی ممبران میں اسناد تقسیم کئے۔بعد میں مشیر موصوف نے اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری کے ہمراہ کلسٹر یونیورسٹی کا دورہ کیا اور یونیورسٹی کی کارکردگی کا جائز ہ لیا۔سیکرٹری کلچرل اکیڈیمی نے بھی مشیر موصوف سے ملاقات کی اور انہیں اکیڈیمی کی طرف سے آرٹ ، کلچر و دیگر شعبوں میں حصولیابیوں کے بارے میں جانکاری دی۔