لازوال ڈیسک
جموں؍؍سرینگر میں بخشی سٹیڈیم پر 40.85 کروڑ روپے اور جموں میں ایم اے سٹیڈیم پر 42.17 کروڑ روپے کی لاگت سے کام جاری ہے اور ان پروجیکٹوں کو اس برس جون تک مکمل کئے جانے کی اُمید ہے ۔ یہ جانکاری آج یہاں سیکرٹری کھیل کود سرمد حفیظ کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ میں دی گئی ۔ میٹنگ میں ڈائریکٹر جنرل امور نوجوان و کھیل کود سلیم الرحمان ، سپیشل سیکرٹری نریندر سنگھ بالی ، سیکرٹری سپورٹس کونسل نسیم چودھری اور دیگر افسران موجود تھے ۔ میٹنگ کے دوران جموں اور سرینگر میں تعمیر کئے جا رہے ان سٹیڈیموں میں جدید سہولیات دستیاب رکھنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ڈائریکٹر جنرل نے اس سلسلے میں مکمل تفصیلات دیں ۔ پنچائت سطح کی کھیلوں اور کھیلو انڈیا سکیم کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سیکرٹری موصوف نے سرینگر اور جموں میں قائم مختلف کھیل کے میدانوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے اور شجر کاری شروع کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے سٹیڈیم تعمیر کرنے والی ایجنسیوں پر یہ پروجیکٹ وقتِ مقررہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔