راجوری قصبہ میں پانی کی شدید قلت کا سامنا، یو ٹی انتظامیہ خاموش تماشائی
عمرارشدملک
راجوری؍؍ محکمہ پی ایچ ای میں ڈیلی ویجر اور کیجول لیبر ملازمین کی جانب سے اپنی مانگوں کو لے کر کام چھوڑ ہڑتال 11ویں روز بھی جاری ہے۔ کام چھوڑ احتجاج کال کے نتیجے میں راجوری میں پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور قصبہ سمیت ضلع بھر کے رہائشیوں کو بے پناہ دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راجوری قصبہ میں اس احتجاج کے باعث پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ وہیں محکمہ پی ایچ ای نے اریگیشن کے ملازمین کو پانی سپلائی کرنے کے لئے تعینات کیا ہے لیکن بجائے پانی سپلائی کے پائپ لائنوں کو کافی نقصان پہنچ رہا ہے کیونکہ ارگیشن کے ملازمین کو پانی سپلائی کرنے کی جانکاری نہیں ہے۔ عارضی ملازمین کی ایسوسی ایشن نے کہا کہ ابھی یہ ہڑتال جاری ہے اور لوگوں کا کہنا ہے کہ اس دوران انہیں مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہٰذا حکومت اس حوالے سے مناسب اقدامات کرے تاکہ محکمہ پی ایچ ای کے یہ عارضی ملازمین ہڑتال ترک کریں۔ راجوری کے لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے گزارش کی کہ وہ ان ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے