بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے،حکومت خاموش تماشاہی کا کردار نبھا رہی ہے :ایڈوکیٹ اکرم چوہدری
لازوال ڈیسک
جموں گجر بکروال یوتھ کانفرنس کے ریاستی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ اکرم چوہدری نے مخلوط حکومت کا آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جموں خطہ کے نوجوانوں کا مستقبل تباہی کے دہانے پر جا رہا ہے اور مخلوط حکومت نسل نو کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخلوط حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے جبکہ جموں کے نوجوان آج مایوس ہیں کیونکہ نوجوانوں نے اپنے غریب والدین کی محنت کی کمائی کو اپنی تعلیم پر لگا دیا اور ڈگریاں حاصل کر کے بے روزگاری کے سبب کئی مشکلات سے دو چار ہیںلیکن مخلوط حکومت نوجوانوں کی جانب سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے ۔انہوں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل بے روزگار ہونے کے سبب دباﺅمیں آکر منشیات جیسی لت کی جانب بڑھتی جا رہی ہے جبکہ نوجوان نسل کی بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور منشیات میں ان کی شمولیت پر قابو پانے میں کوئی موثر اقدام نہیں اٹھا رہی ہے۔ایڈوکیٹ اکرم چوہدری نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت کے پاس نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی کوئی پالیسی نہیں ہے جس کی وجہ سے دن بدن بے روزگاری بڑھتی جا رہی ہے اور حکومت ایک خاموش تماشاہی کا کردار نبھا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں بھرتی اجنسیوں(جے کے ایس ایس آر بی۔جے کے پی ایس سی )میں بے ضابطگیاں عروج پر ہیں ۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے نوجوان اپنے حقوق کیلئے جد و جہد کر رہے ہیں اور یہ بد قسمتی کی بات ہے کہ نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے بعد اپنی ڈگریوں کی پلیٹوں کو سینے پر سجائے سبزی فروش بننے پر مجبور ہیں۔اکرم چوہدری نے حکومت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ نہ کیا جائے ،ان کیلئے روزگار کے مواقعے فراہم کئے جائیں ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بے روزگاروں کیلئے روزگار فراہم کیا جائے نہیں تو گجر بکروال یوتھ کانفرنس کی جانب سے ریاستی حکومتم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا ۔اکرم چوہدری نے جموں کے نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے حقوق کیلئے بیدار ہونے کے ساتھ ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف لڑائی لڑی جائے۔