یواین این
بیجنگ؍؍ چینی شہر ووہان میں جن ین تان ہسپتال کے ڈائریکٹر چانگ دنگ یو نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں میں اینٹی باڈیز کی بڑی مقدار وائرس کے خلاف دفاعی قوت ثابت ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہسپتال میں انتقال پلازمہ کے تحت مریضوں کی بحالی کے لئے اقدامات کا آغاز کیا جا رہا ہے جس کے ابتدائی مرحلے میں بہتر نتائج برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ویکسین یا دیگر ادویات کی عدم دستیابی کے باعث یہ مخصوص طریقہ علاج انتہائی موثر ہے۔انہوں نے اس موقع پر صحت یاب ہونے والے مریضوں سے اپیل کی کہ وہ یہ قیمتی پلازمہ عطیہ بھی کریں تاکہ مزید افراد اس مرض سے نجات حاصل کر سکیں۔ اس سے قبل چائنا بائیو کی جانب سے بھی مختلف تجربات کے بعد اس مخصوص طریقہ علاج کے بہتر نتائج کا اعلان کیا گیا تھا۔تاہم موجودہ صورتحال میں کرونا وائرس سے شدید طور پر متاثرہ مریضوں کے لیے پلازمہ ٹرانسفیوژن استعمال کیا جائے گا۔