کئی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا، قبائلی طبقے کی بہبودی کا عزم دہرایا
لازوال ڈیسک
سانبہ ؍؍اِمداد باہمی اور قبائلی امور کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ نے آج سانبہ ضلع میں کئی گجر و بکروال بستیوں کا دورہ کیا اور اِس طبقے کی ترقیاتی ضروریات کے علاوہ اُنہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔سیکرٹری موصوف نے سرور ، چک سلاریہ ، رکھ برونٹیا اور بروڑی کا دورہ کر کے وہاں محکمہ کی جانب سے دردست لئے گئے کئی پروجیکٹوں پر جاری کام کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے اس طبقے کے ممبران کے ساتھ بات چیت کے دوران قبائلی امور محکمہ کی جانب سے اُن کی بہبود کے لئے تیار کئے گئے نقش راہ کے بارے میں بتایا ۔سیکرٹری موصوف نے بلک ملک کولرس جوکہ محکمہ کی جانب سے چک سلاریہ اور رکھ برونٹیا میں قائم کئے جارہے ہیں ، کا بھی معائینہ کیا۔ اُنہیں بتایا گیا کہ چیک سلاریہ میں 5000کلولیٹر گنجائش والی اِس سہولیت کو اگلے چند مہینوں کے دوران چالو کیا جائے گا۔سیکرٹری موصوف نے متعلقہ اَفسران اور عمل آوری ایجنسی کو سانبہ میں تعمیر کئے جارہے گجر ہوسٹل پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی تاکہ اس کو وقت مقرر ہ کے اندر مکمل کیا جاسکے ۔اِس سے قبل سیکرٹری موصوف نے سرور میں قبائلی طبقے کے طالب علموں کے لئے قائم کئے گئے عارضی ریذیڈنشل سکول کا بھی معائینہ کیا۔ سیکرٹری موصوف نے طالب علموں سے تلقین کی کہ وہ بہتر شہری بننے کے لئے اپنی پڑھائی پر دھیان دیں۔اُنہوں نے کہا کہ آج کے بچے کل کے مستقبل ہیں او رسماج کی تعمیر میں اُن کا اہم رول بنتا ہے ۔سیکرٹری موصوف نے اس موقعہ پر کئی وفود سے بھی ملاقات کی ۔انہوں نے اپنے مسائل اور مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے۔سیکرٹری نے کہا کہ قبائلی کے لئے طبقے ترقی اور خوشحالی کے لئے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں اور مختلف سکل ڈیولپمنٹ مہمات کے ذریعے قبائلی نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کئے جارہے ہیں۔اُنہوں نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا ۔ سیکرٹری نے مختلف مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقعہ پر ہی ہدایات دیں۔ برونٹیا میں انہوں نے ناظم قبائلی امور سلیم ملک کو کلسٹر ماڈل ولیج کے قیام کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔سیکرٹری موصوف نے قبائلی طبقے تعلق رکھنے والے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ کواپریٹیو سوسائٹی کے ساتھ اندراج کرائیں تاکہ وہ فلاحی سکیموں سے استفادہ کرسکیں۔انہوں نے علاقے میں گوبر گیس پلانٹ قائم کرنے کے لئے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔دورے کے دوران گجر مشاورتی بورڈ کے سیکرٹری مختار احمد چودھری ، ایگزیکٹیو انجینئر تعمیرات عامہ راجیش ابرال ،مرکزی سکیموں کے نوڈل اَفسر جاوید پرے اور اسسٹنٹ وارڈن سانبہ رشید عالم بھی ان کے ہمراہ تھے۔