راولپنڈی؍؍ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز شاہین آفریدی (53 رن پر چار وکٹ) کی شاندار گیندبازی کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کو پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کے روزپہلی اننگز میں 233 رن پر سمیٹ دیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور اس کے پہلے دو وکٹ محض تین رنز پر گر گئے ۔ آفریدی نے سیف حسن اور محمد عباس نے تمیم اقبال کو آؤٹ کیا حالانکہ اس کے بعد کے بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 200 کے پار پہنچایا۔نجمل حسین شنٹو نے 44، کپتان مومن الحق نے 30، محموداللہ نے 25، محمد متھون نے 140 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 63، لیٹن داس نے 33 اور ٹی اسلام نے 24 رن بنائے ۔پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ۔بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال اور سیف حسن نے اننگز کا آغاز کیا ہی تھا کہ پہلے ہی اوور میں سیف حسن صفر پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔سیف حسن کے بعد تمیم اقبال دوسرے اوور میں 5 گیندوں پر صرف 3 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔دونوں سلامی بلے بازوں کے پویلین لوٹنے کے بعد مومن الحق 62 کے اسکور پر 30 رنز بناکر شاہین آفریدی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے ۔ بنگلہ دیش کی طرف سے نجم الحسین شانتو نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کے لئے 44 رن بنائے لیکن 95 کے مجموعی اسکور پر وہ محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کا شکار بنے ۔ اس کے بعد محمود اللہ (25 رن) 107 کے اسکور پر شاہین آفریدی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔محمد متھن اور تیج الاسلام نے ساتویں وکٹ کے لیے 53 رنز کی شراکت کی لیکن حارث سہیل نے تیج الاسلام کو 214 کے مجموعی اسکور پر یاسر شاہ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرایا۔ انہوں نے 24 رنز بنائے تھے ۔روبیل حسین بھی زیادہ دیر متھن کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف ایک رن بنا پائے جس کے بعد خود محمد متھن بھی 63 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 233 رنز بنا سکی۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔آفریدی نے 53 رن پر چار وکٹ، عباس نے 19 رن پر دو وکٹ، حارث سہیل نے 11 رن پر دو وکٹ اور نسیم شاہ نے 61 رن پر ایک وکٹ لیا۔بنگلہ دیش کے آخری چار وکٹ صرف 19 رن جوڑ کر گرے ۔