ترقیاتی سرگرمیوں اور سلامتی صورتحال کا جائز ہ لیاؒ
لازوال ڈیسک
بارہمولہ؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے آج سول اور پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ بارہمولہ کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ضلع کی سلامتی صورتحال کا جائزہ لیا۔ضلع کے اے ڈی سی نے مشیر موصوف کو وہاں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور مختلف محکموں کی وساطت سے دردست لئے گئے پروجیکٹوں کی صورتحال کے بارے میں تفصیلات دیں۔اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی اور تعمیراتی سرگرمیوں میں بارہمولہ جموںوکشمیر کے دیگر ضلعوں سے آگے ہے۔اُنہوں نے مختلف پروجیکٹوں کی راہ میں حائل رُکاوٹوں کا بھی ذکر کیا۔ اِس موقعہ پر مشیر نے متعلقہ اَفسروں کو لگن او رتن دہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جاسکے۔اُنہوں نے پروجیکٹوں کے کام میں سرعت لانے کے لئے دستیاب وسائل کا بھرپور اِستعمال کرنے کی بھی تجویز دی۔مشیر موصوف نے ضلع کے لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ایک مؤثر لائحہ عمل ترتیب دینے پر زور دیا۔ اِس سے قبل مشیر موصوف نے ایک جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ امن و قانون کو برقرار رکھنے کے لئے عوام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے۔میٹنگ میں ڈی آئی جی شمالی کشمیر ، پرنسپل جی ایم سی بارہمولہ ،ایس ایس پی بارہمولہ ، ایس ایس پی سوپور اور دیگر کئی اعلیٰ اَفسران موجود تھے۔