ڈی جی نے جموں وکشمیر میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے صوبائی انتظامیہ کی سراہنا کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما نے آج کھیل گائوں نگروٹہ میں 65ویں نیشنل سکول گیمز کے تحت انڈر 19بوائز کھوکھو چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان ،سینک سکول نگروٹہ کے پرنسپل لیفٹیننٹ کرنل پون کمار اور دیگر کئی شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔اِس موقعہ پر سنجیو ورما نے اپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر میں کھیل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مرکزی اور خطے کی سرکار کئی طرح کے بامعنی اقدامات کر رہی ہے جو کہ قابل سراہنا ہے۔جموںوکشمیر میں کھیل سرگرمیوں کو ترقی دینے کے لئے ڈی جی سپورٹس کی کوششوں کی سراہنا کرتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ اِن سرگرمیوں سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے کا موقعہ ملتا ہے اور وہ دیگر ریاستوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے امن اور رواداری کو فروغ ملتا ہے اور سیاحت کو بھی ترقی ملتی ہے۔اُنہوں نے کھیل سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے مولانا آزاد سٹیڈیم ، بھگوتی نگر سٹیڈیم اور دیہی علاقوں میں مختلف کھیل کے میدان کے قیام مثال دی۔اُنہوں نے ڈی جی سپورٹس سے کہا کہ وہ کھیل سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو حصہ لینے پر آمادہ کریں۔اس سے قبل ڈی جی سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان نے مہمانوں کا اِستقبال کرتے ہوئے محکمہ کی حصولیابیوں کا خاکہ پیش کیا۔اُنہوں نے 175کنال اراضی کو کھیل گائوں قائم کرنے کے لئے صوبائی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔نیشنل سکول گیمز چمپئن شپ میں مختلف ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں کے کئی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔دریں اثنا چمپئن شپ کے پہلے دِن آج اُتر پردیشن نے ڈی اے وی کو ایک اننگ او رپانچ پوائنٹس سے ہرایا۔ راجستھان نے سی بی ایس ای کو شکست دی جبکہ بہار نے جموںوکشمیر کو ہرایا۔