موسم سرما کے دوران لوگوں کو سخت ترین پریشانیوں کا سامنا
کے این ایس
سرینگر؍؍ سرحدی تحصیل کرناہ میں بجلی کی آنکھ مچولی اور بوسیدہ ترسیلی نظام کے نتیجے میں لوگوں کو سخت ترین پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ سوپور سے کرناہ تک بجلی سپلائی کرنے والی ترسیلی لائن آئے روز خراب رہتی ہے جبکہ مقامی لوگوں کا مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے جگہ جگہ چھوٹے چھوٹے ٹائور نصب کئے جائیں تاکہ کرناہ میں بجلی کی سپلائی بغیر خلل جاری رہ سکے ۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) نمائندے کے مطابق موسم سرما میں جہاں وادی بھر میں بجلی کٹوتی شیڈول شروع کر دیا گیا ہے ، وہیں سرحدی تحصیل کرناہ میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے ، جو ہر روز بڑھتی جارہی ہے ۔ نمائندے کے مطابق آرمپورہ سوپور سے 33 کے وی ترسیلی لائن سے تحصیل کرناہ کو بجلی کی سپلائی فراہم ہوتی ہے ۔ نمائندے کے مطابق یہ ترسیلی لائن سادھنا ٹاپ سے گزر کر تحصیل کرناہ پہنچتی ہے ۔ نمائندے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ترسیلی لائن میں آئے روز خرابی پیدا ہوتی ہے جبکہ معمولی بوندھا باندھی میں تحصیل کرناہ پوری طرح سے گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی یہ دیرینی مانگ ہے کہ چوکی بل ٹی پی سے زرلہ کرناہ تک بجلی کے چھوٹے چھوٹے ٹائور نصب کئے جائیں تاکہ موسم سرما میں تحصیل کرناہ میں بجلی سپلائی میں کسی طرح کا خلل نہ پڑے تاہم ابھی تک عوام کی اس دیرینہ مانگ کو پورا نہیں کیا گیا اور تحصیل کرناہ کے لوگ اس دیرینہ مانگ کو پورا ہونے کے انتظار میں ہیں ۔ نمائند ے نے مقامی لوگوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ معمولی ہوا کے جھونکوں سے یہ پول زمین بوس ہوجاتے ہیں اور کرناہ مہینوں بھر بجلی سپلائی سے منقطع رہ جاتا ہے ۔ پورا علاقہ کرناہ کا جس میں نیکیاں ، حاجی ناڑ ، باگ بیلا ، نوپورہ ، سلیمان ، گمل ، ٹنگڈار کھڑپارہ ، لوٹھا ، شارٹ پلا ، کنڈی ، دلدار ، بٹہ پورہ ، گبھراہ ، جبڈی ، جاڑہ کے گائوں بجلی سے متاثر ہوگئے ہیں ۔