ہندستانی کرکٹ ٹیم کی مسلسل دوسری بار سپر اوور میں سپر جیت

0
0

ویلنگٹن،  (یو این آئی) تیز گیندباز شاردل ٹھاکر کے کمال کے آخری اوور کے بعد ہندستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعہ کو چوتھے ٹی -20 میچ میں اسکور ٹائی ہو گیا اور ہندستان نے مسلسل دوسری بار سپر اوور میں دلچسپ جیت کے ساتھ پانچ میچوں کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کرلی۔ہندستان نے تیسرے میچ میں شکست کے دہانے سے باہر نکل کر سپر اوور میں کامیابی حاصل کی تھی اور چوتھے میچ میں بھی اس نے یہی کارنامہ کر دکھایا۔ اوپنر کولن منرو (64) اور وکٹ کیپر ٹم سیفرٹ (57) کی شاندار نصف سنچریوں کے باوجود نیوزی لینڈ کی ٹیم آخری اوور میں جاکر پھر لڑکھڑا گئی اور چار وکٹ گنوا بیٹھی۔ اسکور ٹائی ہو گیا۔ میزبان ٹیم نے ایک بار پھر سپر اوور میں میچ گنوا دیا۔ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے ٹم ساؤتھی کے سپر اوور کی پانچویں گیند پر جیت کا چوکا مارا۔نیوزی لینڈ نے سپر اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنائے جبکہ ہندستان نے سپر اوور میں پانچ گیندوں میں ایک وکٹ پر 16 رنز بنا کر دلچسپ جیت حاصل کر لی۔ ہندستان کی اس بار جیت کا کریڈٹ ٹھاکر کو گیا جنہوں نے میزبان ٹیم کو آخری اوور میں جیت کے لئے سات رنز نہیں بنانے دیے ۔ ٹھاکر نے اس اوور میں دو وکٹ نکالے جبکہ کیوی ٹیم کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔ ساؤتھی نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں ایک بار پھر مایوس کر گئے ۔ہندستان کے پاس اس وقت روہت شرما نہیں تھے جنہوں نے گزشتہ میچ کے سپر اوور کی آخری دو گیندوں پر ساؤتھی پر دو چھکے لگائے تھے ۔ اس بار یہ کام اوپنر لوکیش راہل اور کپتان وراٹ کوہلی نے کیا۔ہندوستان کی طرف سے جسپریت بمراہ نے پھر سپر اوور ڈالا جس میں نیوزی لینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز بنائے ۔ بمراہ نے چوتھی گیند پر ٹم سیفرٹ کو آؤٹ کیا۔ ہندستان کو فتح کے لئے 14 رنز کی ضرورت تھی۔ نیوزی لینڈ کے لئے ٹم ساؤتھی ایک بار پھر سپر اوور ڈال رہے اور ہندستان کی جانب سے لوکیش راہل اور کپتان وراٹ کوہلی میدان میں اترے ۔راہل نے ساؤتھی کی پہلی گیند پر چھکا مار دیا اور دوسری گیند پر چوکا لگا دیا لیکن تیسری گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔ ہندستان کو اب تین گیندوں پر چار رن چاہیئے تھے اور وہ کوئی اور وکٹ نہیں گنوا سکتا تھا۔ اس دوران وراٹ اور راہل ایک دوسرے کو کراس کر چکے تھے اور اسٹرائیک وراٹ کے پاس تھی۔ نئے بلے باز سنجو سیمسن تھے ۔وراٹ نے چوتھی گیند پر دو رن لیے اور ہندستان کے لئے دو گیندوں پر دو رن کا ہندسہ رہ گیا۔ وراٹ نے پانچویں گیند پر چوکا مار کر جیت ہندستان کی جھولی میں ڈال دی۔ وراٹ کے چوکا مارتے ہی مکمل ہندستانی خیمہ خوشی سے اچھال پڑا۔ ٹھاکر کو ان کی شاندار آخری اوور کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔نیوزی لینڈ نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ہندوستان کو 20 اوور میں آٹھ وکٹ پر 165 رن پر روک دیا لیکن تیز گیند باز شاردل ٹھاکر کے محمد سمیع کی طرح حیرت انگیز آخری اوور سے کیوی ٹیم 20 اوور میں سات وکٹ پر 165 رنز بنا پائی۔ نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے سات رن بنانے تھے لیکن ٹھاکر نے اس اوور میں دو وکٹ نکالے جبکہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہو گئے ۔منرو اور سیفرٹ نے دوسرے وکٹ کے لئے 74 رن کی اہم شراکت کی۔ سیفرٹ نے پھر راس ٹیلر کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے میچ فاتح ناٹ آؤٹ ساجھے داری کرکے کیوی ٹیم کو فتح کی منزل کے قریب پہنچا دیا۔ لیکن آخری اوور میں پھر ڈرامہ ہوا۔نیوزی لینڈ کو آخری اوور میں جیت کے لئے سات رن بنانے تھے اور شاردل ٹھاکر نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ٹیلر کو آؤٹ کرکے تیسرے میچ کے آخری اوور جیسی مہم جوئی پیدا کر دی۔ نئے بلے باز ڈیرل مچل نے آنے کے ساتھ ہی چوکا مار دیا۔ نیوزی لینڈ کو اب چار گیندوں میں تین رن بنانے تھے ۔میچ میں ڈرامائی صورتحال بنی ہوئی تھی اور تیسری گیند پر سیفرٹ رن آؤٹ ہو گئے ۔ میزبان ٹیم کو اب تین گیندوں میں تین رن چاہیئے تھے اور گزشتہ میچ کے سپر اوور کی یاد تازہ ہونے لگی تھی۔ چوتھی گیند پر ایک رن بنا۔ آخری دو گیندوں پر دو رن کا ہندسہ رہ گیا۔ پانچویں گیند پر ٹھاکر نے مشیل کو شوم دوبے کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔میزبان ٹیم کو آخری گیند پر دو رنز کی ضرورت تھی۔ لیکن مشیل سیٹنر دوسرا رن نکالنے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے اورا سکور ٹائی ہو گیا۔ تیسرے میچ کی طرح چوتھا میچ بھی فیصلے کے لئے سپر اوور میں چلا گیا جس میں ہندستان نے سپر فتح حاصل کر لی۔
اس سے پہلے ہندستان کی اننگز میں مڈل آرڈر کے بلے باز منیش پانڈے نے اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھتے ہوئے 36 گیندوں میں تین چوکوں کے سہارے ناٹ آؤٹ 50 رنز بنائے اور ہندستان کو 165 رنز تک پہنچایا۔ اوپنر لوکیش راہل نے 26 گیندوں میں تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 39 رن بنائے ۔زخمی اوپنر شکھر دھون کی جگہ اس سیریز میں شامل کئے گئے سنجو سیمسن کو چوتھے میچ میں جاکر پہلی بار موقع ملا لیکن یہ نوجوان بلے باز اس کا فائدہ نہیں اٹھا پایا اور پانچ گیندوں میں ایک چھکے کے سہارے آٹھ رن بنا کر آؤٹ ہو گیا۔ وراٹ نے 11، شوم دوبے نے 12، ٹھاکر 20 اور نودیپ سینی نے ناٹ آؤٹ 11 رن بنائے ۔نیوزی لینڈ کی اننگز میں منرو نے 64، سیفرٹ نے 57 اور ٹیلر نے 24 رن بنائے ۔ ٹھاکر نے 33 رن پر دو وکٹ، بمراہ نے 20 رن پر ایک وکٹ اور یجویندر چہل نے 38 رن پر ایک وکٹ لیا۔ ساؤتھی نے اس میچ میں زخمی کین ولیمسن کی جگہ کپتانی سنبھالی تھی لیکن وہ مسلسل دوسرے میچ میں سپر اوور میں اپنی ٹیم کو مایوس کر گئے ۔نیوزی لینڈ کو اس طرح اپنے گزشتہ آٹھ سپر اوورز میں ساتویں بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔یو این آئی

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا