ریزرویشن پالیسی میں ریشنلائزیشن سے پہاڑی طبقے کو نمائندگی ملے گی

0
0

اِنتظامی کونسل نے مطلوبہ تبدیلیوں کو منظوری دی
براہِ راست تقرری ،پیشہ وارانہ اداروں میں داخلے اور پی جی نشستوں کی تقسیم میں پہاڑی طبقے کو 4فیصد ریزرویشن ملے گی
پی جی کورسزکی فیصد نشستوںمیں شیڈول کاسٹ اور شیڈ ول ٹرائب طالبعلموں کیلئے اضافے کا اعلان
لازوال ڈیسک

جموں؍؍موجودہ ریزرویشن پالیسی کی ریشنلائزیشن اور پہاڑی طبقے سے وابستہ افراد کو نمائندگی دینے پر مرکوز ایک بڑے فیصلے کے تحت انتظامی کونسل ، جس کی ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کی صدارت میں منعقد ہو ئی ، نے جموںاینڈ کشمیر ریزرویشن رولز 2005میں ترمیمات کو منظوری دی ہے۔جموںوکشمیر میں پہاڑی زبان بولنے والے طبقے کی آبادی لگ بھگ 9.6لاکھ ہے اور یہ طبقہ راجوری ،پونچھ ، بارہمولہ ( اوڑی اور بونیار) ، کپواڑہ ( کرناہ او رکیرن) کے علاوہ اننت ناگ ، بڈگام ، بانڈی پورہ ، گاندربل ، کولگام ، پلوامہ اور شوپیاں کے کچھ حصوں میں آباد ہے۔سابق ریاست جموںوکشمیر کی تنظیم نو اور اِس کو جموں وکشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کے بعد اور جموںاینڈ کشمیر ریزرویشن ( ترمیم) ایکٹ 2004 کو لاگو کرنے کے بعد پہاڑی بولنے والے طبقے کو ریزرویشن میں نمائندگی دینا لازمی بن گیا تھا۔ اس مقصد کے لئے جموںاینڈ کشمیر ریزرویشن رولز 2005 میں ترامیم کو منظوری دی گئی ہے تاکہ پہاڑی بولنے والے طبقے کو سماجی اور تعلیمی طور پسماندہ طبقے میں شامل کیا جاسکے۔موجودہ قوانین کے مطابق درج فہرست ذاتوں کے لئے براہِ راست تقرری میں 8فیصد ، درج فہرست قبائل کے لئے 10فیصد ، سماجی طورکمزور طبقوں کے لئے 2فیصد، لائن آف کنٹرول / سرحد کے نزدیک رہنے والے لوگوں کے لئے 3فیصد اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے 20فیصد ریزرویشن تھی۔اس کے علاوہ سابق فوجیوں کے لئے 6فیصد اور معذور افراد کے لئے 3فیصد ریزرویشن کا مد تھا۔انتظامی کونسل نے غور و خوض کے بعد براہ راست تقرری، پیشہ وارانہ کالجوں میں داخلے اور میڈیکل ، انجینئر نگ ، ایگلریکلچر او راس طرح کے دیگر کالجوں میں پوسٹ گریجویٹ کی نشستوں کے تعلق سے ریزرویشن کے فیصد میں ریشنلائزیشن کو منظور ی دی۔براہ راست تقرری میں اب درج فہرست ذاتوں کے لئے 8فیصد ، درج فہرست قبائل کے لئے 10فیصد ، سماجی طور کمزور طبقوں کے لئے 4فیصد ، حد متارکہ / بین الاقوامی سرحد کے نزدیک رہنے والوں کے لئے 4فیصد ، دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگو ں کے لئے 10فیصد ،پہاڑی بولنے والوں کے لئے 4فیصد اور اقتصادی طور کمزور طبقوں کے لئے 10فیصد ریزرویشن ہوگی ۔اس کے علاوہ سابق فوجیوں کے لئے 6فیصد اور معذور افراد کے لئے 4فیصد ریزرویشن کا مد رہے گا۔پیشہ وارانہ اداروں میں داخلہ کے لئے درج فہرست ذاتوں کے لئے 8فیصد ،درج فہرست قبائل کے لئے 10فیصد ، سماجی طور کمزور طبقوں کے لئے 4فیصد ، حد متارکہ پر رہنے والوں کے لئے 4فیصد ، بیک وارڈ ائیریا کے باشندوں کے لئے 10فیصد ، پہاڑی بولنے والوں کے لئے 4فیصد اور اقتصادی طور کمزور طبقوں کے لئے 10فیصد ریزرویشن ہوگی۔اس کے علاوہ معذور افراد کے لئے 4فیصد ریزرویشن رکھی گئی ہے ۔ایم ڈی ، ایم ایس اور ایم ٹیک کے علاوہ انجینئر نگ و ایگریکلچر سائنس میں پوسٹ گریجویٹ کورسز کے داخلے کے لئے درج فہرست ذاتوں کے لئے اب 8فیصد ،درج فہرست قبائل کے لئے 10فیصد، ریزر بیک وارڈ ائیریا کے باشندوں کے لئے 10فیصد ، حد متارکہ / بین الاقوامی سرحد پر رہنے والوں کے لئے 4فیصد ، سماجی طور کمزور طبقوں کے لئے 4فیصد ، پہاڑی بولنے والوں کے لئے 4فیصد ،دفاعی فورسز / نیم فوجی افراد اور جموںوکشمیر پولیس کے اہلکاروں کے بچو ں کے لئے 2فیصد ، کھیل کود میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والوں کے لئے 1فیصد اور اقتصادی طور کمزور طبقوں کے لئے 10فیصد ریزرویشن ہوگی۔پہاڑی بولنے والے طبقے کے زمرے کے تحت فوائد حاصل کرنے کے لئے مذکورہ شخص پہاڑی طبقے سے وابستہ ہونا چاہیئے اور اُس کی مادری زبان پہاڑی ہونی چاہیئے ۔اس کے پاس قابل قبول آدھار کارڈ یا اقامتی سند ہونی چاہیئے۔ اس سلسلے میں درخواست دہندہ کی درخواست قبول کرنے کا اختیار متعلقہ تحصیل دار کے پاس ہوگا۔انتظامی کونسل نے محکمہ سماجی بہبود کو نئے احکامات کے عین مطابق ریزرویشن کا نیا چارٹ ترتیب دینے کی ہدایت دی ہے۔اس فیصلے سے جموںوکشمیر میں نہ صرف ریزرویشن کی ریشنلائزیشن یقینی بنے گی بلکہ اس سے پہاڑی طبقے کے افراد کو ریزرویشن میں یکسان نمائندگی ملے گی جو کہ اس طبقے کی ایک دیرینہ مانگ تھی۔

 

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا