بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں شجر کاری کی تقریب
لازوال ڈیسک
راجوری؍؍آج بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری میں شجر کاری کی ایک تقر یب منعقد کی گئی جس میں’’جموں وکشمیر اسٹیٹ قانونی خدمات اتھارٹی ‘‘نے ڈین آف اسٹوڈینٹس ویلفیر کے اشتراک سے یونیورسٹی کے احاطے میں مختلف پھلدار اور غیر پھلدار پودے نصب کیے اور کروائے ۔اس موقعے پر جناب جعفر حسین بیگ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجوری،جناب مانک گپتا ڈسٹرکٹ موبائل مجسٹریٹ ٹریفک راجوری،جناب ڈاکٹر اشفاق احمد زری رجسٹرار بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری،جناب پروفیسر جی ایم ملک ڈین آف اسٹو ڈینٹس ویلفیر،جناب ڈاکٹر پرویز عبداللہ ،جناب راکیش صراف ڈی ایف اوراجوری،جناب گلشن کمار رینج آفیسر راجوری کے علاوہ نرسنگ کالج کی پرنسپل محترمہ ٹی ٹی سوئیر کے علاوہ ڈاکٹر مشتاق احمد وانی اسٹنٹ پروفیسر اُردو بھی موجود تھے۔ ان تمام اہم آفیسران نے خود ایک ایک پودا با با غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کی زرخیز ز مین میں نصب کیا اور یونیورسٹی کے نر سنگ کالج کی طالبات سے بھی پودے نصب کروائے ۔اس موقع پہ ڈاکٹر اشفاق احمد زری اور پروفیسر جی ایم ملک صاحب نے باہر سے آئے ہوئے مہمانوں کو یونیورسٹی کے ماحول اور اس کی متنوع خوبصورتی کے بارے میں مکمل طور پرواقفیت کرائی اور فرمایاکہ باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی ہندوستان کی ایک ایسی منفرد یونیورسٹی ہے جہاں مختلف قسم کے پیڑ ،پودے ، پھول ،جانور ،پرندے اور حشرات الارض کی ایک بھاری تعداد پائی جاتی ہے۔اتنا ہی نہیں بلکہ بابا غلام شاہ باشاہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات ریاست کے ہر ضلع سے تعلق رکھتے ہیں اور یہاں ہندو،مسلم اور سکھ ملازمین کی ایک بھاری تعداد تمام اخلاقی ،روحانی اور تہذیبی وثقافتی قدروں کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ جناب ڈاکٹر اشفاق احمد زری نے پودوں کی اہمیت وافادیت کے بارے میں فرمایا کہ پودے ہماری زندگی کا ایک اہم ترین حصہ ہیں ۔اُنھوں نے آئے ہوئے مہمانوں کو پروفیسر جاوید مسرت صاحب وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کی گوناگوں خدمات کا بھی ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اُن کی وائس چانسلر شپ میں ا س یونیورسٹی کا وقار و معیار کافی بلند ہوا ہے ۔یہ اُن کی محنتوں ،کوشیشوں اور مخلصانہ جذبے کا نتیجہ ہے کہ بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری ترقی کی راہ پہ گامزن ہے ۔اس تقریب کے انتظامات میں جناب شکیل احمد چودھری لینڈ اسکیپنگ اینڈ آر بو کلچر آفیسر بی جی ایس بی یو نے بھی بڑی خوش اُسلوبی سے اپنی ذمہ داری کو نبھایا۔