کالاکوٹ میں دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری
عمرارشدملک
نوشہرہ علیحدہ ضلع کے مطالبے کولیکر نوشہر ہ کوآرڈی نیشن کمیٹی کی کال پر جموں پونچھ شاہراہ کو دن بھر بند رکھا گیا جبکہ دونوں طرف ٹریفک کا جام لگا رہا ۔ تفصیلات کے مطابق علیحدہ ضلع کے مطالبے کو لیکر نوشہر ہ ایک ماہ سے مکمل بند ہے اور 17مارچ کو نوشہرہ سے جموں ریلی مارچ کو لمبیڑی کے مقام پر انتظامیہ نے روک دیا تھا اور دو دن کی مہلت بھی مانگی تھی جس کے بعدریلی کو دو دن کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا لیکن دو دن کی مہلت کے بعدبھی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا جس کے بعد نوشہرہ کی عوام نے جموں پونچھ شاہراہ کو دن بھر بند رکھا اور حکومت کے خلاف جم کر نعرہ بازی بھی کی ۔نوشہرہ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال کی مداخلت کی وجہ سے ہم نے جموں چلو کال کو معطل کردیا تھا لیکن اب حکومت کو ہمارے سخت ترین جدوجہد کا سامنا کرنا پڑے گا اور اسی سلسلہ کے تحت نوشہرہ پُل کو آمدورفت کے لئے بلاک کردیا اور دن بھر مظاہرین نے پُل پر دھرنہ دیا اور اس دوران دونوں طرف سینکڑوں گاڑیوں کا جام لگا رہا ۔ دوسری طرف کالاکوٹ میں علیحدہ ایڈیشنل ڈی سی کی تعیناتی کو لیکر بھی مکمل بند کا سلسلہ جاری ہے اور یوتھ نیشنل کانفرنس کے کارکنان نے بھی اس دوران بھوک ہڑتال شروع کردی ہے اور دو دن سے کالاکوٹ میں بھوک ہڑتال کاسلسلہ بھی جاری ہے ، وہیں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال نے کالاکوٹ کے مظاہرین اور بھوک ہڑتال کررہے نوجوانوں سے ملاقات کر انہیں یقین دہانی دی کہ جلد ہی حکومت فیصلہ کرے گی اور آپ سب کے مطالبات کو پورا کیا جائےگا اس دوران ان کے ہمراہ ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس بھی شامل تھے ۔ وہیں سابق ایم ایل اے کالاکوٹ رشپال سنگھ بھی بھوک ہڑتا ل میں شامل رہے اور انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کالاکوٹ کی عوام کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں ۔آخری اطلاع تک نوشہرہ اور کالاکوٹ میں احتجاجی دھرنے جاری تھے تاہم حکومت نے بھی ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔