یواین آئی
سرینگر؍؍وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل کی صبح سے ہی میدانی وبالائی علاقوں میں برف وباراں کا ایک اور مرحلہ شروع ہوا جو وقفہ وقفہ سے دن بھر جاری رہا تاہم مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج کی گئی۔وادی کے مشہور آفاق سیاحتی مقام گلمرگ، جہاں ابھی قریب پانچ فٹ پرانی برف ہی جمع ہے، میں یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف باری جاری تھی اورقریب تین انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام، جہاں ابھی قریب پانچ چار پرانی برف ہی جمع ہے، میں بھی یہ رپورٹ فائل کرنے تک برف باری جاری تھی اور زمین پر قریب چار انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں منگل کی صبح وقفہ وقفہ سے شروع ہونے والے برف وباراں کا سلسلہ بدھ کی دوپہر تک جاری رہنے کی توقع ہے بعد ازاں 3 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ لداخ کے علاوہ پیر پنجال اور خطہ چناب میں بھی اگلے چوبیس گھنٹوں تک برف وباراں کا سلسلہ جاری رہنے کی امید ہے۔ جموں میں منگل کی صبح سے ہی ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور مطلع پر گھنائونے بادل سایہ فگن ہیں۔ادھر خراب موسمی حالات کے باعث وادی کشمیر کا ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ منگل کے روز ایک بار پھر متاثر ہوا۔ متعلقہ محکمہ کے ایک ترجمان نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر – جموں قومی شاہراہ پر منگل کے روز ٹریفک کی نقل وحمل کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر منگل کی صبح سے ہی قاضی گنڈ سے بانہال تک بشمول جواہر ٹنل جاری بھاری برف باری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہوئی تھی جس کے پیش نظر ٹریفک کی نقل و حمل کئی گھنٹوں تک متاثر رہی۔وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان کے آخری ہفتے کے آخری ایام کے دوران منگل کو صبح سے ہی برف وباراں کا ایک اورمرحلہ شروع ہوا۔محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے وادی بھر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں بہتری درج ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔یونین ٹریٹری آف لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 13.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 21.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔