زراعت و کسان بہبود کے مرکزی وزیر مملکت اور لیفٹیننٹ گورنر کی عوامی رابطہ پروگرام میں شرکت،میراں صاحب پاور گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا
ایل جی اپنے گجرات کے تجربات کی بنیاد پر جموںوکشمیر کی ترقی بھی یقینی بنائیں گے:شو تم روپالا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍زراعت و کسان بہبود کے مرکزی وزیر مملکت پرشوتم روپالا اور جموںوکشمیر لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج یہاں میراں صاحب میں عوامی رابطہ پروگرام میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما ، سیکرٹری باغبانی منظور احمدلون، ڈپٹی کمشنر جموں سشما چوہان، بی ڈی سیز کے چیئرپرسنز ، سرپنچ اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجودتھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت کا عوامی رابطہ پروگرام فلاحی سکیموں کے بارے میں جانکاری عام کرنا او رلوگوں کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ پچھلے 18ماہ کے دوران تقریباً ایک ہزار ترقیاتی پروجیکٹ مکمل کئے جاچکے ہیں او ربیشتر پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کا فقط 20فیصد حصہ خرچ کیا جاچکا تھا او راب اس میں مزید 26فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ایل جی نے کہا کہ پاور پروجیکٹوں کے احیائے نو کے لئے موجودہ انتظامیہ پُر عزم ہے اور بجلی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ مستقل سکونت کے بارے میں لوگوں کو کچھ خدشات درپیش ہے تاہم انہوں نے کہاکہ مقامی لوگوں کے ان خدشات کو دورکرتے ہوئے لوگوں کے روزگار او رزمین کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 74ویں آئینی ترمیم کو لاگو کرنے سے جموںوکشمیر میں شہری بلدیاتی اداروں کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت پرشو تم روپالا نے کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام لوگوں کے ترقیاتی مطالبات اور ضروریات کو پورا کرنے میں مدد گار ثابت ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر نے گجرات میں ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری میں ایک اہم رول ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے تجربات کی بنیاد پر جموںوکشمیر کی ترقی بھی یقینی بنائیں گے ۔سرکار کی مختلف سکیموں کا ذکر کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ 2014ء سے قبل بھارت کے دیہات کی آبادی کا ایک بہت بڑا حصہ بجلی کی سہولیت سے محروم تھا تاہم اب پورے ملک میں بجلی سپلائی کرنے کے صد فیصد ہدف کو حاصل کیا جاچکا ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ کسانوں کی بہبود مرکزی سرکار کی ترجیح رہی ہے اور 8کروڑ کسان پی ایم کسان یوجنا کے ذریعے مرکزی سرکار کے ساتھ جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے سکیم کو متعارف کرنے 6 کروڑ کسانوں کے حق میں 12000 کروڑ روپے واگزار کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت شعبے کی ترقی بھی حکومت کی ترجیح میں شامل ہے ۔دریں اثنا مرکزی وزیر مملکت اور لیفٹیننٹ گورنر نے 132/33کے وی اے میراں صاحب پاور گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیا جس کی گنجائش 90ایم وی اے سے بڑھا کر 150ایم وی اے کردی گئی ہے۔ اس سہولیت سے میراں صاحب کے باشندوں اور کسانوں کو فائدہ ہوگا۔