بڈگام میں کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور دیگر کئی کا سنگِ بنیاد رکھا
لازوال ڈیسک
بڈگام ؍؍مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیہ نند رائے نے آج بڈگام کے دورے کے دوران کہا کہ جموں کشمیر کی مجموعی ترقی مرکزی سرکار کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ شیخ پورہ بڈگام میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی اور دفعہ 370 ترقی کی راہوں میں رکاوٹیں پیدا کر رہے تھے ۔ مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ جموں کشمیر میں صنعتکاری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ مقامی نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ جموں کشمیر کی ترقی ملک کے دیگر خطوں کے مساوی یقینی بنائی جائے گی اور سرکار تعلیم کے شعبے کے فروغ کیلئے خاص توجہ دے گی ۔ سیکولرازم کو ملک کی طاقت قرار دیتے ہوئے وزیر مملکت نے سبھی شہریوں سے تلقین کی کہ وہ سیکولرازم کے اصولوں کا احترام کریں ۔ وزیر نے کہا کہ موجودہ سرکار لوگوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کے ہٹانے سے جموں کشمیر کے لوگوں کو روز گار میں کوئی نقصان نہیں ہو گا ۔ اس دوران وزیر مملکت نے گرلز ہوسٹل بڈگام اور ضلع ہسپتال کے ڈاکٹروں کے ہوسٹل کا ای افتتاح کیا اور ایم جی نریگا کے تحت کئی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ عوامی رابطہ مہم کے دوران کئی عوامی وفود نے وزیر مملکت کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے مسائل اور مطالبات اُن کی نوٹس میں لائے ۔ وزیر مملکت نے جائیز عوامی مطالبات کو پورا کرنے کا یقین دلایا ۔ دورے کے دوران بڈگام کے ڈپٹی کمشنر طارق حسین گنائی بھی مرکزی وزیر کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے وزیر کو جانکاری دی کہ بڈگام ضلع میں تمام فلاحی سکیمیں کامیابی کے ساتھ عملائی جا رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور مختلف محکموں کے سربراہ بھی وزیر مملکت کے ہمراہ تھے ۔