مختلف سیکٹروں کے تحت بنیادی ڈھانچے کی پیش رفت کا جائزہ لیا
تمام ریاستوں / یونین ٹریٹریوں میں سی سی ٹی این ایس کی عمل آوری ہوگی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مختلف وزارتوں کے یونین سیکرٹریوں اور ریاستوں / یونین ٹریٹریوں کے چیف سیکرٹریوں کے ساتھ پرگتی میٹنگ منعقد کی۔یہ میٹنگ سال 2020ء کی پہلی پرگتی انٹرایکشن تھی جس کی صدارت وزیر اعظم نے انجام دی۔جے اینڈ کے یوٹی کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔وزیر اعظم نے مختلف سیکٹروں کے تحت 24000کروڑ روپے سے زیادہ بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا ۔اِ ن سیکٹروں میں ریلوے ، سڑک ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہ کے علاوہ پیٹرولیم اور قدرتی گیس شامل ہے۔میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نے متعلقہ سیکرٹریوں اور چیف سیکرٹریوں سے پروجیکٹوں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِلتوا ٔ میں پڑے پروجیکٹوں کی تکمیل میں سرعت لائیں۔وزیر اعظم نے ڈیپارٹمنٹ آف فائنانشل سروسز ’’ پی ایم جیون جیوتی بیمہ یوجنا ‘‘ اور ’’ پی ایم سرکھشا بیمہ یوجنا ‘] کے تحت انشورنس سکیموں سے متعلق شکایات کے ازالے کے عمل کا جائزہ لیا۔سی سی ٹی این ایس کی عمل آوری اور ای گورننس کے ذریعے انٹگریٹیڈ سسٹم فار پالیسنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری برائے داخلہ اجے کمار بھلہ نے وزیر اعظم کو پروجیکٹ کی عمل آوری سے متعلق پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر اعظم نے تمام چیف سیکرٹریوں بالخصوص یونین ٹریٹریوں سے کہا کہ وہ سی سی ٹی این ایس پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کریں تاکہ یہ پروگرام تمام ریاستوں / یوٹیز میں کامیابی کے ساتھ عمل آور ہو۔