اے ڈی سی ہٹائے جانے کی بات کرنے سے پہلے بلاور و بسوہلی سے اے ڈی سی ہٹانا چاہئے :بلونت سنگھ
لازوال ڈیسک
راجوری // آر ایس ایس کی طرف سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ پوسٹ کیخلاف بیان بازی کو آر ایس ایس کی دوغلی پالیسی قرار دیتے ہوئے کوٹرنکہ کی عوام نے کہا ہے کہ کوٹرنکہ پر بات کرنے سے پہلے آر ایس ایس کو بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی ہٹانے کی مانگ کرنی چاہئے ۔ اس ضمن میں بلونت سنگھ کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں آر ایس ایس پر دوغلی پالیسی اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس نے کوٹرنکہ سے اے ڈی سی پوسٹ کی نظر ثانی کرنے کی سرکار کو سفارش کی ہے ۔ بلونت سنگھ نے بتایا کہ آر ایس ایس کو سب سے پہلے بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی ہٹانے کی مانگ کرنی چاہئے کیونکہ بسوہلی اور بلاور میں کوٹرنکہ سے قبل ہی اے ڈی سی کو بٹھایا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ کی عوام بسوہلی اور بلاور کے لوگوں کیخلاف نہیں ہے لیکن آر ایس ایس کی بیان بازی کے بعد یہ بات منظر عام پر لانا ضروری ہوگیا تھا کہ کوٹرنکہ پر بیان بازی سے پہلے بسوہلی اور بلاور پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ سرکار نے حکم نامہ زیر نمبر192جاری کرکے کوٹرنکہ میں شفیق چودھری کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مقرر کردیا تھا جو اس علاقے کی دیرینہ مانگ تھی۔ اس سلسلے میں بدھل ، کوٹرنکہ، خواس، پیڑی اور پروڑی کی عوام کو ایک بڑی راحت ملی ہے ۔واضح رہے کہ بدھل کے آخری علاقہ سے لوگوں کو ضلع ڈپٹی کمشنر کے دفتر تک پہنچنے کےلئے 140کلومیٹر کا سفر کرنا پڑتا تھا جس سے اس علاقے کے لوگوں کو کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی اس اے ڈی سی کے دائرہ میں کالاکوٹ کو رکھا گیا ہے جو یہاں کے لوگوں کو ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آر ایس ایس کی طرف سے اس طرح کا دوغلا بیان آنا افسوس ناک ہے کیونکہ آر ایس ایس کے لوگ کوٹرنکہ میں بھی موجود ہے اور آر ایس ایس کو اپنے لوگوں کا خیال رکھنا چاہئے تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کوٹرنکہ کی عوام نے پہلے ہی اے ڈی سی پوسٹ کےلئے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا ہے کیونکہ یہ فیصلہ تاریخ ساز فیصلہ ہے اور وزیر اعلی کو اس طرح کی کسی بھی جماعت کے دباﺅ میں نہیں آنا چاہئے۔ انہوں نے بتایاکہ اگر اسلسلے میں کوئی قدم اٹھانا ہی ہے تو سب سے پہلے بسوہلی اور بلاور سے اے ڈی سی کو ہٹانا چاہئے ۔