جموں وکشمیر میں مجوزہ عالمی سرمایہ کاروں کی میٹنگ

0
0

سمٹ سے پہلے نئی دلّی میں میٹنگ منعقد
لازوال ڈیسک

نئی دلّی؍؍حال ہی میں معرض وجود میں لائے گئے مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اِس برس سری نگر اور جموں میں عالمی سرمایہ کاروں کی سہ روزہ میٹنگ ( گلوبل انوسٹرس سمٹ۔2020ئ) کا انعقاد ہوگا۔اِس میٹنگ سے پہلے آج یہاں ایک اور میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو، ایل جی کے مشیر کے کے شرمااور چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم موجود تھے۔اِس میٹنگ میں خطے میں14شعبوں میں اشیاء تیار کرنے کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے سرمایہ کاری کے مختلف پہلوئوں پر غور و خوض کیا گیا۔میٹنگ میں مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے 350مندوبین نے شرکت کی۔مجوزہ گلوبل انوسٹرس سمٹ ۔ 2020ء کا مقصد مرکزی زیر انتظام علاقہ جموںوکشمیر میں مختلف شعبوں بشمول سیاحت ، فلمی سیاحت ،باغبانی اور اس سے منسلک شعبوں کے علاوہ صحت ، قابل تجدید توانائی ، دستکاری و تعلیم میں سرمایہ کاری کے امکانات کو فروغ دینا ہے۔فی الوقت جموںوکشمیر کی حکومت سانبہ میں دو آئی ٹی پارکس اور آئی سی ڈی قائم کررہی ہے اور جموںوکشمیر کے 20اضلاع میں انڈسٹریل پارکوں کے قیام کے لئے 6000ایکڑ سے زائد زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جموں وکشمیر کی حکومت نے خام مواد اور تیار کی گئی اشیاء کی درآمد اور برآمد کو آسان بنانے کے لئے ٹول پوسٹ ہٹائے ہیں۔انوسٹرس سمٹ سے پہلے کی اس میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت منوج کمار دویدی نے ا س سلسلے میں ایک سٹیٹ فلم متعارف کی ۔اس فلم کا موضوع ’’ صنعت و حرفت میں سرمایہ کاری کے امکانات ‘‘ ہے ۔مرکزی وزیر مملکت جتندر سنگھ نے اس پہل کے لئے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو کو مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کے خطے کی ترقی کے لئے وزیر اعظم کے اقدامات بار آور ثابت ہو رہے ہیں۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے کہا کہ گجرات میں گلوبل انوسٹرس سمٹ کے وزیر اعظم کے نظریئے سے متاثر ہو کر اُنہوں نے جموں وکشمیر کے اس سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ لیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کو اقتصادی طور مزید مستحکم کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے سرمایہ کاروں کو جموںوکشمیر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنے یونٹ قائم کرنے کی دعوت دی۔اُنہوں نے کہا کہ آج کی اس میٹنگ کا مقصد مندوبین کے ساتھ دوستانہ ماحول میں سرمایہ کاری کے موضوع پر تبادلہ خیال کرنا اور جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے سینئر افسران میٹنگ کے دوران مختلف موضوعات پر مندوبین کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے کہا کہ جموںوکشمیر کو جتنا فلموں میں دکھایا جاتا ہے یہ خطہ اسے کافی مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر پسماندہ نہیں ہے بلکہ یہاں کے لوگ انتہائی ہنرمند اور ذہین ہے ۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموںوکشمیر سیب کی پیداوار میں اوّل نمبر پر ہے لیکن ہم پیداوار کا ایک فیصد دیتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس اور اس طرح کے دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی کافی گنجائش ہے جس سے جموںوکشمیر کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا یقینی بنے گا۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل صدیوں پرانی رُکاوٹوں کو دور کر رہی ہے ۔آج کی اس میٹنگ میں جموں وکشمیر انتظامیہ کے کلیدی افسران بشمول تمام انتظامی سیکرٹریوں نے مختلف مرکزی وزارتوں کے افسروں کے ہمراہ شرکت کی۔ میٹنگ میں دیگر کئی معززشخصیات بھی موجود تھیں۔میٹنگ کا اہتمام جموںوکشمیر ٹریڈ پرو موشن آرگنائزیشن نے کیا تھا جو کہ جموںوکشمیر کے محکمہ صنعت وحرفت کے تحت ایک نوڈل ایجنسی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا