محکمہ عمارت کو پائے تکمیل پہنچائے یا زمین خالی کرے : عوام
ظہیر عباس / حیدر بانڈے
منڈی// منڈی صدر مقام سے چار کلو میٹر کی دوری پر موجود گاو¿ں اعظم آباد میں سال 2002 میںمحکمہ سماجی بہبود کی جانب سے ایک مقامی شخص محمد جہانگیر سے آنگن واڑی سینٹر کے لئے زمین حاصل کی تھی جس کے لئے محمد جہانگیر نے محکمہ سے زمین کے لئے کوئی رقم حاصل نہیں کی لیکن پندرہ سال کاطویل عرصہ گزر جانے کے بعد بھی عمارت کا کام مکمل نہیں کیا گیا – اس سلسلہ میں جب مزید جانکاری حاصل کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس عمارت کا کام پندرہ سال قبل شروع تو ہوا تھا لیکن تین چار مہینہ بعد کام کو روک دیا گیا اور وہاں پہنچایا گیا مواد وہیں چھوڑ دیا گیا جو آج بھی وہیں پر خراب حالت میں موجود ہے – اس ضمن میں محمد جہانگیر نے لازوال سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہاں کی عوام نہایت غریب ہونے کی وجہ سے اپنے چھوٹے بچوں کو ابتدائی تعلیم سے آراستہ کروانے کے لئے منڈی کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں داخل نہیں کر سکتے اور اسی چیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے محکمہ سماجی بہبود کو یہ زمین بغیر کوئی رقم حاصل کئے دی تھی تاکہ ہمارے بچے ابتدائی تعلیم حاصل کر سکیں لیکن نہایت افسوس کا مقام ہے کہ محکمہ مفت زمین حاصل کرنے کے بعد بھی اس عمارت کے کام کو تکمیل تک نہیں پہنچا پایا – انھوں نے کہا کہ عمارت کا کام شروع تو کیا گیا لیکن چار مہینے میں اس کی دیواریں مکمل کرنے کے بعد کام بالکل روک دیا گیا اور اس کے بعد آج تلک کام دوبارہ شروع نہیں کیا گیا اور اس کی وجہ نا معلوم ہے – انھوں نے کہا کہ اعظم آباد کی عوام نے محکمہ سماجی بہبود اور محکمہ پنچایت جس کے زیرِ اثر عمارت کا کام کیا گیا تھا کے کئی چکر کاٹے جنھوں نے عمارت کا کام لگانے کا بارہا وعدہ کیا لیکن وہ وعدے کبھی وفا نہیں ہوا – انھوں نے محکمہ سماجی بہبود سے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یا محکمہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمارت کا کام تکمیل کو پہنچائے یا زمین جس میں انھوں نے چار دیواریں کھڑی کی ہیں اسے خالی کر دیں اور وہاں پڑے مواد کو بھی اٹھا لیں – اس حوالے سے علاقہ کے اور لوگوں نے بھی محکمہ کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ محکمہ کے لئے شرم کی بات ہے کہ جو اب تک مفت فراہم کی گئی زمین میں ایک عمارت کو پائے تکمیل تک نہیں پہنچا پایا – انھوں نے کہا کہ یہاں کی عوام نہایت غریب ہے لیکن اپنے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے اسلئے حکومت اور انتظامیہ کو ان لوگوں کا تعاون کرنا چاہیے اور محکمہ سماجی بہبود کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمارت کے کام کو مکمل کروانے میں جلدی کرنی چاہیے –