لازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍سبھی پبلک ٹرانسپورٹ کو آہستہ آہستہ الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کی پالیسی کو لاگو کرنے کے لئے ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ عرضی میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی 2012 کی پالیسی کے تحت تمام سرکاری اور پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنا تھا لیکن حکومت نے ایسا نہیں کیا۔درخواست گزار کی جانب سے وکیل پرشانت بھوشن نے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی سربراہی والی بنچ سے کہا کہ حکومت اس طرف قدم نہیں اٹھا رہی ہے۔ تب کورٹ نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کرنے پر غور کر رہی ہے، جو گاڑیوں کو متبادل ایندھن سے چلانے کے اقدامات پر غور کرے گی۔