حزب کمانڈر سمیت 3جنگجو ہلاک،نعشیں برآمد ،ہتھیار ضبط :پولیس
کے این ایس
ترال؍؍جنوبی کشمیر کے انتہائی حساس قصبہ ترال سے10کلومیٹر کی دوری پر واقع گوجر بستی گلشن پورہ میں اتوار کے روز جنگجوئوں اور فوج وفورسز کے درمیان ایک خونین معرکہ آرائی میں حزب المجاہدین کے انتہائی مطلوب ترین کمانڈر سمیت3جنگجو مارے گئے۔تینوں جنگجوئوں کا تعلق ترال سے ہی بتایا جاتا ہے ۔پولیس نے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کے دوران شروع ہوئی ،جھڑپ میں 3جنگجو ہلاک ہوئے جن میں حزب کمانڈر بھی شامل ہے ۔جنوبی کشمیر کے نامہ نگار کے این ایس کے مطابق فوج ،ایس او جی اور پولیس وفورسز کی بھاری نفری نے دوران شب جنوبی قصبہ ترال کی گوجر بستی گلشن پورہ کو اپنے محاصرے میں لیا ۔فوج وفورسز کو ایک خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں مسلح جنگجوئوں کا ایک گروپ موجود ہے ۔ اسی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر فوج وفورسز نے علاقے میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن عمل میں لاکر جنگجو مخالف کارروائی شروع کی ۔نامہ نگار کے مطابق فوج وفورسز نے اتوار کی صبح جب علاقے میں تلاشی کارروائی کا عمل شروع کیا ،تو اس دوران فوج وفورسز اور جنگجوئوں کا آمنا سامنا ہوا ۔آمنا سامنا ہونے کیساتھ ہی طرفین کے مابین گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا ،جس نے شدید جھڑپ کا رُخ اختیار کیا ۔نامہ نگار کے مطابق یہ علاقہ قصبہ ترال سے10کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے جبکہ یہ جنگلی و پہاڑی علاقہ ہے ۔کئی گھنٹوں تک طرفین کے مابین جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران پورا علاقہ گولیوں کی گھن گرج اور دھماکوں کی آوازوں سے لر ز اٹھا ۔دوپہر تک جاری رہنے والی جھڑپ میں حزب المجاہدین کے انتہائی مطلوب ترین کمانڈر سمیت3جنگجو ہلاک ہوئے ۔مارے گئیجنگجوئوں کی شناخت حزب کمانڈر عمر فیاض عرف حماد خان ولد فیاض احمد لون ساکنہ سیر جاگیر ترال ،عادل احمد میر عرف ابو دجہانہ ولد بشیر احمد میر ساکنہ منگہامہ ترال اور فیضان حمید بٹ ولد عبدالحمید ساکنہ منڈورہ ترال کے ناموں سے ہوئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق عادل اور فیضان جیش محمد عسکری تنظیم سے وابستہ تھے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حزب کمانڈر حماد خان نے سابق حزب کمانڈر سبزار احمد بٹ کی جگہ لی تھی ۔سبزار احمد بٹ ایک جھڑپ میں مئی2017میں فوج وفورسز کیساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوا تھا ۔سبزار کی ہلاکت پر اننت ناگ ،بڈگام ،گاندر بل اور پلوامہ کے کئی علاقوں میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے ،جن میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے ۔ادھر پولیس نے بتایا کہ جائے جھڑپ سے تینوں ہلاک جنگجوئوں کی نعشیں ہتھیاروں سمیت برآمد کی گئیں ۔پولیس نے آخری اطلاع ملنے تک مارے گئے جنگجوئوں کی نعشیں اپنی ہی تحویل میں رکھی تھی اور قانونی لوازمات کے بعد آخری رسومات انجام دینے کیلئے لواحقین کے سپرد کردی جائیگی ۔اونتی پورہ میں گذشتہ ایک جھڑپ میں حزب سے ہی وابستہ ایک مقامی جنگجو مارا گیا تھا ۔